21 گھنٹوں تک بارش میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر گرل فرینڈ کو منانے کی کوشش
اطلاعات کے مطابق صوبہ سیچوان کے شہر ڈازہو میں واقع ایک بلڈنگ کے باہر یہ شخص 28 مارچ کی دوپہر ایک بجے سے اگلے روز صبح دس بجے تک گھٹنوں کے بل بیٹھا رہا۔
عشق محبت میں گرفتار عاشق انوکھے کام کرتے رہتے ہیں لیکن چین میں ایک ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جو کہ فورا سے ہی میڈیا کی زینت بن گیا ہے۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق ایک شخص اپنی سابقہ محبوبہ کے دفتر کے باہر بارش میں 21 گھنٹوں تک گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اسے منانے کی منت سماجت کرتا رہا۔
اطلاعات کے مطابق صوبہ سیچوان کے شہر ڈازہو میں واقع ایک بلڈنگ کے باہر یہ شخص 28 مارچ کی دوپہر ایک بجے سے اگلے روز صبح دس بجے تک گھٹنوں کے بل بیٹھا رہا۔
اپنی گرل فرینڈ کو منانے کے لیے اُس نے سردی اور بارش کی بھی پرواہ نہیں کی جبکہ اس امید پر کہ شاید اس کی گرل فرینڈ مان جائے وہ اپنے ساتھ پھولوں کا گلدستہ بھی لے کر آئے تھے۔
اس واقعہ کے دوران وہاں موجود مقامی افراد اس کے گرد جمع ہوگئے اور اسے سمجھانے لگے کہ وہ واپس چلا جائے۔
لی نامی ایک شخص نے کہا کہ ’ہم میں سے کئی لوگوں نے اس سے بات کرنے کی کوشش کی اور اسے جانے کا کہا۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ گھٹنوں کے بل ہی بیٹھا جائے۔ گرل فرینڈ باہر آنا چاہ ہی نہیں رہی اور تم یہاں منہ بنا کر بیٹھے ہو۔‘
اس ساری صورتحال کے باوجود اس شخص کی گرل فرینڈ کہیں بھی نظر نہ آئی۔
دفتر کے باہر مچنے والی افراتفری کو دیکھ کر پولیس کو وہاں آ کر اسے سمجھانا پڑا تاہم عاشق شہری نے پولیس سے پوچھا کہ ’کیا یہاں گھٹنوں کے بل بیٹھنا جرم ہے؟ اگر جرم نہیں ہے تو براہ کرم مجھے اکیلا چھوڑ دیں۔‘
پولیس افسر نے بتایا کہ اس شخص کا اپنی گرل فریںڈ کے ساتھ کچھ روز پہلے بریک اپ ہوا ہے جس کے بعد یہ اس سے معافی مانگنا چاہتا تھا۔
اپنی گرل فرینڈ کو منانے کے لیے 21 گھنٹے مشقت سے بھرپور کوشش کرنے کے بعد وہ شخص 29 مارچ کی صبح دس بجے چلا گیا کیونکہ وہ مزید سردی برداشت نہیں کر پا رہا تھا۔