
زائد المیعاد اورلاغر گوشت فروخت کرنیوالے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آگئے
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا میٹ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ، 1200کلوزائدالمیعاد گوشت تلف،مالک کیخلاف مقدمہ درج
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): زائد المیعاد اور لاغر گوشت فروخت کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شکنجے میں آگئے ،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کا میٹ سیفٹی ٹیم کے ہمراہ بکر منڈی میں گودام پر چھاپہ، 1200کلوزائدالمیعاد گوشت تلف،مالک کے خلاف مقدمہ درج کر وا دیا گیا ۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ایکسپائرڈ و بیماری زدہ گوشت سپلائی کے لیے گودام میں چھپا کر رکھا گیا تھا،برآمد شدہ گوشت کو پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔
پنجاب فوڈاتھارٹی کی ویجیلینس ٹیم کی خفیہ اطلاع پر زائد المیعاد گوشت کی سپلائی کو ناکام بنا دیا گیا،برآمد شدہ ناقص گوشت پر جعلی مہریں لگا کر تصدیق شدہ ظاہر کر کے مہنگے داموں میں فروخت کیا جانا تھا،گودام میں جگہ جگہ جانوروں کے باقیات، آلائشیں اور گندگی پائی گئی،ایکسپائرڈ گوشت کو مختلف چھوٹے بڑے ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ خوراک میں زائد المیعاد گوشت کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوسکتا ہے، گوشت کو ہمیشہ مستند اور قابل اعتبار قصاب سے خریں،عوام الناس تک میعاری خوراک کی فراہمی کیلئے ہر سطح پر چیکنگ جاری ہے۔