مشرق وسطیٰ

پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز 46 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران کا سی پی او کا مطالعاتی دورہ

سول سروسز اکیڈمی لاہور سے آئے وفد میں 10خواتین سمیت 36 پروبیشنری افسران اور فیکلٹی ممبران شامل۔ ڈی آئی جیز آپریشنز، آئی ٹی اور اسٹیبلشمنٹ نے وفد کو پنجاب پولیس کی جدید سروسز،جرائم کنٹرول اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔ شہریوں کو خدمات کی فراہمی اور جرائم کے قلع قمع کیلئے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز 46 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا اورصوبے میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کے قلع قمع اور شہریوں کیلئے پولیس کی فراہم کردہ سہولیات بارے آگاہی حاصل کی۔ سول سروسز اکیڈمی لاہور سے آئے وفد میں 10خواتین سمیت 36 پروبیشنری افسران اور فیکلٹی ممبران شامل تھے، جنہیں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر،ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اورڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید نے پنجاب پولیس کی جدید سروسز،جرائم کنٹرول اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔ شرکا کو پبلک سروس ڈلیوری پراجیکٹس، سپیشلائزڈ فورسزسمیت پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار بارے آگاہی دی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروبیشنری افسران کوپنجاب پولیس کو درپیش چیلنجز اور جرائم کے قلع قمع کیلئے جاری اقدامات کے نتیجے میں حاصل کردہ اہداف سے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ شہریوں کو خدمات کی فراہمی، امن وامان کو برقرار رکھنے اور جرائم کے قلع قمع کیلئے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جارہا ہے، صوبے کے تمام تھانوں اور پولیس دفاتر میں ورکنگ کو جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے مکمل ڈیجیٹلائز کیا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ایف آئی آر کی فری رجسٹریشن، شہریوں کیلئے اوپن ڈور پالیسی جبکہ اندون ملک و بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور ایف آئی اے کی مدد سے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئرکیلئے کیوبن ماڈل کی طرز پر تاریخی اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ فورس کی محکمانہ ترقیوں اورسٹاف کی استعداد کار میں اضافے کیلئے دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب نے پروبیشنر افسران کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے بروقت ازالے کیلئے سرکاری اداروں کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہیں لہذا شہریوں کو خدمات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے ازالے کیلئے تمام ادارے مشترکہ اقدامات میں تیزی لائیں۔زیر تربیت افسران نے پنجاب پولیس کی ورکنگ، دستیاب وسائل اور درپیش چیلنجز بارے مختلف سوالات بھی پوچھے۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور پروبیشنر افسران کے وفد کے سربراہ کے مابین یادگاری سوویینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار اور اے آئی جی عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button