اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم، پیر کو سوگ منانے کا اعلان

اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یونان میں 14 جون کو حادثے پر وزیراعظم نے 19 جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے یونان کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے جبکہ پیر کو یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یونان میں 14 جون کو حادثے پر وزیراعظم نے 19 جون کو قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کل قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور ہلاک والوں کے لیے خصوصی دعا کی جائے گی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقرر کیے گئے ہیں۔‘
10 مبینہ انسانی سمگلر گرفتار
دوسری جانب پاکستانی حکام نے 10 مبینہ انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ نو ملزمان کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے گرفتار کیا گیا جب کہ ایک ملزم کو پنجاب کے ضلع گجرات سے گرفتار کیا گیا ہے۔
کشمیر کے ایک مقامی اہلکار چوہدری شوکت کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے لوگوں کو غیر قانونی طور پر باہر بھیجنے کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔
اس کے علاؤہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی کمیٹی کے رُکن مقرر کیے گئے ہیں۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
بیان کے مطابق’کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی۔ انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہو گی اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔‘
شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’انسانی سمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔‘
شہباز شریف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی سمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔
ان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شینواری کو واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی معلومات و سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چیف سیکریٹری نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور ہلاک و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کر دیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے ہلاک ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں ہلاک افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
وزیرِاعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button