
شعبہ تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے طرز تدریس اور امتحانی نظام میں تبدیلی لانا ہوگی۔ چیف سیکرٹری
دانش سکولوں میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے شروع کئے گئے پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد رواں سال بھکر، تونسہ میں دانش سکولوں، چکوال اور پیر محل میں سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے۔ احمر ملک
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): دانش سکولوں میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے شروع کئے گئے مڈل سکول پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کے سلسلے میں پنجاب دانش سکولز اتھارٹی اور آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے مڈل سکول پروگرام کا مقصد دانش سکولوں میں زیر تعلیم طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کی جانچ اور انہیں اجاگر کرنا تھا۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے دانش سکولوں کوایک ماڈل کے طور پر شروع کیا گیا تھا جہاں کم وسیلہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے طرز تدریس اور امتحانی نظام میں تبدیلی لانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کیلئے دانش سکولز اتھارٹی اور آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔چیف سیکرٹری نے دانش سکولوں کے پرنسپلز اور پروگرام کوارڈینیٹرز میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
مینجنگ ڈائریکٹرپنجاب دانش سکولز اتھارٹی احمر ملک نے کہا کہ رواں سال بھکر، تونسہ میں دانش سکول جبکہ چکوال اور پیر محل میں سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 12دانش سکولوں میں اس وقت 20ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں اور ان طلبہ کو معیاری تعلیم کیساتھ کھانے، یورنیفام،رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آغا خان ہورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے مڈل سکول پروگرام سے دس ہزار طلبہ مستفید ہوئے ہیں۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن احسن وحید اور آغا خان یورنیورسٹی ایگزیمینیشن بورڈ کے سی ای او شہزاد جیوا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔