مشرق وسطیٰ

یوم آزادی پر خواتین کے حقوق و قوانین سے آگاہی بارے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ سیکرٹری محکمہ وویمن ڈویلپمنٹ

وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اس مرتبہ یوم آزادی کو خواتین کی ترقی کے جشن کے عنوان سے منائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کا بنیادی کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ خواتین کی کامیابیاں سامنے لائی جائیں

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ سمیرا صمد کی زیر صدارت یوم آزادی کے موقع پر خواتین کے حقوق و قوانین اجاگر کرنے کیلئے خصوصی مہم کے انعقاد بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ذرائع ابلاغ بالخصوص ریڈیو چینلز پر خواتین کے لئے خصوصی سیگمنٹس مختص کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سمیرا صمد نے کہا کہ وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اس مرتبہ یوم آزادی کو خواتین کی ترقی کے جشن کے عنوان سے منائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کا بنیادی کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ لہذا ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری ہے کہ خواتین کی کامیابیاں سامنے لائی جائیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف وویمن ڈویلپمنٹ میں ہونے والے اجلاس میں سمیرا صمد نے مزید کہا کہ محکمہ وویمن اس مرتبہ کے یوم آزادی کو عورتوں کی ترقی، آزادی، تعلیم اور ان کے حقوق کے نام منسوب کرتا ہے کیونکہ خواتین ہمارا مستقبل اور امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ انہیں خود مختار بنانے اور حقوق کی فراہمی کیلئے وویمن ڈویلپمنٹ بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ سمیرا صمد نے کہا کہ یوم آزادی پر خواتین کو تمام اقسام کے حقوق، سہولیات اور ان کے لئے مختص قوانین سے آگاہی دینے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں بھی ریڈیو کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ بالخصوص دیہی ناخواندہ خواتین تک آگاہی ریڈیو کے ذریعے ہی پہنچائی جا سکتی ہے تاکہ وہ اپنے بارے میں حقوق و قوانین سے آگاہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو کے مختلف میڈیمز پر یوم آزادی کی خصوصی نشریات میں خواتین کیلئے ایکسکلوزیو پروگرامات کئے جائیں جن میں خواتین کی کامیابیاں ڈسکس کی جائیں۔ سمیرا صمد نے اجلاس کو ہدایت کی کہ اس خصوصی مہم کے ضمن میں صوبہ بھر میں یوم آزادی کے موقع پر وسیع پیمانے پر پروگرامات کا انعقاد کیا جائے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button