پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے : فیاض الحسن چوہان
لہو سے جلے علم کے چراغ آج بھی روشن ہیں اور تا قیامت روشن رہیں گے: فیاض الحسن چوہان
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہدائے اے پی ایس کی آٹھویں برسی پر خصوصی بیان دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ 16 دسمبر کے ننھے شہیدوں کے خون کی ایک بھی بوند ہم نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس جیسے دلخراش واقعے نے پوری قوم کو متحد کیا ہے۔ لہو سے جلے علم کے چراغ آج بھی روشن ہیں اور تا قیامت روشن رہیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ننھے طالبعلموں اور اساتذہ کی شہادت نے پوری قوم کو یکجا، متحد اور پر عزم کر دیا ہے جبکہ ناکام حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت داخلی، خارجی، معاشی اور ہر سطح پر ناکام و نا مراد ہے۔ ان کاغذی لیڑروں نے ملک کو ہر سطح پر کمزور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مکمل توجہ صرف اپنی جیبیں بھرنے میں لگی ہوئی ہے۔ فوری الیکشنز نہ ہوئے تو یہ لوگ ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل دیں گے۔