
پاکستان کے صوبائی وزیر صنعت وتجارت پنجاب ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس
ایس ایم تنویر کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب روزگار سکیم پر پیشرفت اور اسے وسعت دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت ابتک تقریباً 9 ارب روپے کے آسان قرضہ جات تقسیم کئے جا چکے ہیں، سکیم کو وسعت دی جائے گی برآمدات بڑھانے کے لئے سکیم کے تحت ایکسپورٹ انڈسٹری کو بھی آسان قرضوں کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی، صوبائی وزیر صنعت وتجارت
لاہور پاکستان(نمائندہ ویس آف جرمنی): صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب روزگار سکیم پر پیشرفت اور سکیم کو وسعت دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسڑیز کارپویشن عاصم جاویدنے پنجاب روزگار سکیم پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت ابتک تقریباً 9 ارب روپے کے آسان قرضہ جات تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے گریجوایٹس اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے اس سکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ خواتین کی ترقی اور انہیں با اختیار بنانے کے لئے بھی آسان شرائط پر قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت 1 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک آسان قرضے دیئے جا رہے ہیں اور قرضوں کی حد 1 کروڑ سے بڑھا کر 2 کروڑ روپے کی جا رہی ہے۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لئے ایکسپورٹ انڈسٹری کو بھی آسان قرضوں کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ پنجاب روزگار سکیم کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت 44 ہزار درخواستیں آئیں جن میں 3691 درخواستیں گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت موصول ہوئیں۔ سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عاصم جاوید، ڈی جی انڈسٹریز اور پنجاب بینک کے حکام نے اجلاس شرکت کی۔



