
ڈاکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، حکومتی اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچنے چاہئیں۔ پروفیسر ڈاکٹرجاویداکرم۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال اور مولا بخش گائنی ہسپتال سرگودھا کا دورہ۔ مختلف وارڈز میں جاکر علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا، زیر علاج مریضوں کی خیریت کے علاوہ طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیرصحت کی ہسپتال میں صفائی اور انتظامی امور مزید بہتر بنانے کی ہدایت۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال اور مولا بخش گائنی ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیرصحت نے مختلف وارڈز میں جاکر علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا اور حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔صوبائی وزیر صحت نے میڈیکل ایمرجنسی،سرجیکل ایمرجنسی،میڈیکل یونٹ، ریڈیالوجی،او پی ڈی اوردیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے زیر علاج مریضوں کی خیریت کے علاوہ طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے دریافت کیا۔صوبائی وزیر نے واش رومز سمیت مجموعی صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔صوبائی وزیرصحت نے ہسپتال میں صفائی اور انتظامی امور مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کے جملہ انتظامات پرصوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاویداکرم کو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت سے گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال اور مولا بخش گائنی ہسپتال سرگودھاکے ڈاکٹرز نے ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہاکہ ڈاکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے خود بھی معائنے کر رہے ہیں۔ حکومتی اقدامات کے ثمرات انشاء اللہ نچلی سطح تک پہنچیں گے۔