لاہور سلطان پورہ سب ڈویژن کے علاقے رام گلی میں بدنام زمانہ قبضہ مافیا ”تارا گجر گروپ“ بجلی چوری کرتے پکڑا گیا
ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 30000یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔نیو انارکلی کے علاقے میں بھی2 پلازوں میں بجلی کی چوری پکڑی گئی، نویدپلازہ اور للی پلازہ میں کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کی جارہی تھی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سلطان پورہ سب ڈویژن کے علاقے رام گلی میں بدنام زمانہ قبضہ مافیا ”تارا گجر گروپ“ کے ملکیتی پلازہ میں بجلی کی چوری پکڑی گئی، ملزمان لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی سے کنڈا لگاکر بجلی چوری کررہے تھے، چوری کی بجلی پلازہ میں موجود 24فلیٹس، ایک سروس سٹیشن اور ایک آٹو ورکشاپ کو سپلائی کی رہی تھی۔ لیسکو اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں قبضہ میں لے کر عبداللہ خان نامی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دو ملزمان فیض رسول اور سعید خان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 30000یونٹس چارج کیے گئے ہیں۔نیو انارکلی کے علاقے میں بھی2 پلازوں میں بجلی کی چوری پکڑی گئی، نویدپلازہ اور للی پلازہ میں کنڈے کے ذریعے بجلی چوری کی جارہی تھی، دونوں پلازوں میں سلائی فیکٹریاں قائم ہیں، للی پلازہ کے مالک کو گرفتار کرکے ڈٹیکشن بل کی مد میں 28470یونٹس چارج کیے گئے ہیں جبکہ نوید پلازہ کے مالکان کو بھی ڈٹیکشن بل کی مد میں 25185چارج کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب لیسکوحکام نے ایلیٹ فورس کے ہمراہ بھاسین گاؤں میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 40 غیر قانونی کنکشنز کو منقطع کردیا ہے جبکہ 3 ملزمان کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔