مشرق وسطیٰ

وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے یو ایس ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر سے طبی آلات اور ریفریجریٹڈ ٹرک وصول کئے۔

امریکی حکومت کی طرف سے پنجاب کوسات ریفریجریٹڈ ٹرکوں اور آکسیجن آلات کا تحفہ ، طبی آلات اور ریفریجریٹڈ ٹرکوں کی فراہمی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کو ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نےامریکہ کی طرف سے حکومت پنجاب کے لئےسات ریفریجریٹڈ ٹرکوں اور آکسیجن آلات کا تحفہ پیش کیا گیا۔امریکی حکومت نے یہ آلات پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کا نظام بہتر بنانے کے لئے مہیا کئے ہیں۔سات ریفریجریٹڈ ٹرک پنجاب میں ویکسین کی ترسیل کے لئے کولڈ چین کے نظام کو مضبوط بنانے میں معاون ہوں گے۔ تقریب میں یو ایس قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز،
کنٹری ڈائریکٹر کمونکس ڈاکٹر محمد طارق اور ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل نے شرکت کی۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے طبی آلات اور ریفریجریٹڈ ٹرکوں کی فراہمی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران امریکی حکومت کی عملی معاونت سے محکمہ صحت پنجاب کی وبائی امراض سے نپٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں طبی سہولتوں کی بہتری کے لئے امریکی حکومت کا تعاون پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔ یہ طبی آلات وبائی امراض کے خلاف بروقت اقدامات کے لئے حکومت پنجاب کی استعداد کو بہتر بنائیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے کہا کہ کورونا کے آغاز سے ہی یو ایس ایڈ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر اس کے خاتمے اور قیمتی جانیں بچانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ امریکی حکومت نے صوبہ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے اکسیجن کی فراہمی اور ویکسین کی ترسیل کیلئے کولڈ چین کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت پنجاب کو طبی سامان اور سات ریفریجریٹر ٹرک فراہم کئے ہیں۔ کورونا سے بہتر طور پر نپٹنے کے لئے امریکی حکومت کی طرف سے پنجاب کے 37 سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے طبی آلات فراہم کئے گئے۔جو ان ہسپتالوں میں کورونا اور پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو آکسیجن مہیا کرنے کی صلاحیت کو بڑھائیں گے۔یو ایس ایڈ کی جانب سے حکومت پنجاب کو عطیہ کے کیے گئے سات ریفریجریٹر ٹرک صوبہ بھر میں ویکسینز کو ضلع اور تحصیل کی سطح اور مراکز صحت تک محفوظ طور پر پہنچانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔کورونا امدادی پیکج کے تحت امریکی حکومت نے کرونا ویکسین ،موبائل بائیو سیفٹی لیبارٹریز، وینٹیلیٹرز ،طبی عملے کے لیے حفاظتی آلات تشخیصی کٹس، ریفریجریٹر ٹرک اور آکسیجن کی فراہمی کےلئے آلات پنجاب حکومت کو عطیہ کئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب پاکستان میں صحت عامہ کے شعبے کو مستحکم بنانے کے عمل میں دونوں ممالک کے باہمی اشتراک کی ایک عمدہ مثال ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button