بجلی چوری میں سہولت کاری کرنے پر میٹر ریڈر کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، ترجمان لیسکو
محمدشہزاد نے میٹر ٹمپر کرکے قومی خزانے کو 800000روپے کا نقصان کروایا جبکہ محمد عاصم نامی صارف نے قومی خزانے کو 1500000روپے کا نقصان پہنچایا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): جی او آر سب ڈویژن کے اسسٹنٹ منیجر آپریشنز عثمان قدیر نے بجلی چوری میں معاونت کرنے پر میٹر ریڈر عدنان حمید کو نوکری سے برطرف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ منیجر آپریشنزجی او آر سب ڈویژن کی زیر نگرانی گڑھی شاہو کے علاقے میں خصوصی آپریشن کیا گیا جس میں لیسکو کی ڈائریکٹ سپلائی کے علاوہ میٹروں کو بھی چیک کیا گیا، اس دوران محمد شہزار اور محمد عاصم نامی صارفین میٹر ٹمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری کرتے پکڑے گئے تھے، محمدشہزاد نے میٹر ٹمپر کرکے قومی خزانے کو 800000روپے کا نقصان کروایا جبکہ محمد عاصم نامی صارف نے قومی خزانے کو 1500000روپے کا نقصان پہنچایا۔ ایس ڈی او جی او آر کے مطابق ملزمان نے میٹر ریڈر عدنان حمید کی ملی بھگت سے میٹر ٹمپر کیا تھا، تحقیقات کے دوران میٹر ریڈر عدنان حمید کا جرم ثابت ہوگیا، جس پر اسے نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔