سرکاری ہسپتالوں میں سو فیصد دوائیاں مہیا کر دی گئی ہیں، باہر سے منگوانا ناقابل برداشت ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 22 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ مزید 49 تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی بہتری کا کام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چھوٹے شہروں اور دیہات میں واقع 1645 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے مریضوں کا علاج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب کے 22 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ مکمل کر لی گئی ہے۔مزید 49 تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی بہتری کا کام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ چھوٹے شہروں اور دیہات میں واقع 1645 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے مریضوں کا علاج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔چوبیس گھنٹے کام کرنے والے بنیادی مراکز صحت میں عملہ تین شفٹوں میں فرائض انجام دے گا۔ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والے ایک ہزار ڈاکٹروں کو بنیادی مراکز صحت میں تعینات کیا جا رہا ہے۔ نئے بھرتی ہونے والے ایک ہزار ڈاکٹروں کو تقرر نامے بہت جلد جاری کئے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر کی زیرصدارت محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ پرائمری ہیلتھ کے ہسپتالوں میں جاری ترقیاتی کاموں، طبی سہولتوں کی فراہمی، عملے کی تعیناتی اور دیگر انتظامی امور کاجائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں استعمال ہونے والی سو فیصد دوائیاں کافی مقدار میں مہیا کر دی گئی ہیں، باہر سے دوائیاں منگوانا اور ٹیسٹ کروانا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں لیبارٹریاں اور مشینری ہر وقت فعال رکھی جائے، مریضوں کو شکایت نہ ہو۔
ڈاکٹروں کی جنرل ڈیوٹی ختم کر کے باقاعدہ ڈیوٹیاں لگائی جائیں۔ تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس روزانہ صبح پورے ہسپتال کا وزٹ کریں اور درکار سہولتوں کی دستیابی یقینی بنائیں۔وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کے لئے فزیبلٹی رپورٹ تیارکر رہے ہیں۔دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی اولین ترجیح ہے ۔