گوگل کا ’’انکل سرگم‘‘ کو خراج عقیدت
پاکستان کے معروف مزاح نگار فاروق قیصر کو لوگ ’’انکل سرگم‘‘ کے نام سے زیادہ جانتے ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا وہ مشہور پپٹ کردار ہے جس نے دنیا بھر میں اپنی شہرت کا سکہ جمایا
دنیا بھر میں معروف پاکستان کے نامور پپٹ کردار ’’انکل سرگم‘‘ کے خالق معروف مزاح نگار فاروق قیصر کی 78 ویں سالگرہ پر گوگل نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
پاکستان کے معروف مزاح نگار فاروق قیصر کو لوگ ’’انکل سرگم‘‘ کے نام سے زیادہ جانتے ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا وہ مشہور پپٹ کردار ہے جس نے دنیا بھر میں اپنی شہرت کا سکہ جمایا۔ فاروق قیصر تو اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان کے پرستار آج ان کی 78 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
اس موقع پر انٹرنیٹ سرچ انجن نے بھی فاروق قیصر کو ان کی سالگرہ پر خراج عیقدت پیش کرنے کے لیے ان کے مشہور کردار انکل سرگم کا ڈوڈل جاری کیا ہے جس میں ان کے ہمراہ پتلی تماشہ کی مشہور ساتھی ماسی مصیبتے بھی نظر آ رہی ہے۔
فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کے کٹھ پتلیوں کی دنیا میں سفر کا آغاز لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس میں فائن آرٹ کی تعلیم کے حصول کے دوران ہوا جب کہ ٹی وی پر ان کی آمد 1970 میں بچوں کے ٹی وی پروگرام ’’اکڑ بکڑ‘‘ سے ہوئی۔
ان کے مشہور ٹی وی شوز کلیاں، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم تھے، تاہم اُنہیں اصل شہرت پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’کلیاں‘ میں انکل سرگم کے کردار سے حاصل ہوئی جس کے پس پردہ وہ خود صداکار تھے۔
فاروق قیصر کو ان کی فنی خدمات پر 1993 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نواز گیا اس کے علاوہ بھی انہیں کئی ملکی اور بین الاقوامی اعزازت ملے جن میں 1997ء میں یونیسیف کی جانب سے ملنے والا ’ماسٹر پپیٹیئر‘ کا خطاب اور 2010 میں ملنے والا پی ٹی وی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ شامل ہیں۔
فاروق قیصر دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کے بعد 14 مئی 2021 کو اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔