پنجاب میں گراس روٹ انسنٹیوائزڈ ڈیری ڈویلپمنٹ (گرڈ) پراجیکٹ کا آغاز
پاکستان آرمی، پنجاب لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اور ایک نجی کمپنی کی مدد سے لاہور میں گرڈ پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):ملک میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے اور چھوٹے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پاک فوج کی ایک اور کاوش رنگ لے آئی۔ پاکستان آرمی، پنجاب لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اور ایک نجی کمپنی کی مدد سے لاہور میں گرڈ پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں علاقے کے کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاک فوج کی اس منصوبے میں سرپرستی اور معاونت کو خوب سراہا ۔
گرڈ پراجیکٹ کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو رجسٹر کر کے فری ویٹرنری سروسز اور رہنمائی مہیا کی جائے گی۔ اس میں مویشیوں کی مفت ویکسینیشن شامل ہے ۔ مویشی بانوں کو اعلی نسل کے جانوروں کے سیمن بھی مفت مہیا کیے جائیں گے۔ گوالوں سے روزانہ کی بنیاد پر دودھ کو جمع کرنے کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ چھوٹے کسانوں کو بینکوں سے بلا سود قرضوں کی فراہمی آسان بنائی جائے گی ۔ اس منصوبے کی توسیع اور ترویج سے ملک میں لائیو سٹاک کی ترقی میں بڑی مدد ملے گی