مینارٹی سوک ایجنٹ پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ گورننس فورم کا انعقاد
مینارٹی سوک ایجنٹ پروگرام سے گراس روٹ پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر شعیب
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سیکرٹری انسانی حقوق ڈاکٹر شعیب نے کہا کہ امید ہے کہ مینارٹی سوک ایجنٹ پروگرام سے گراس روٹ پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی اور ڈسٹرکٹ گورننس فورم بنانے سے تمام معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ حل ہو سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کا نظام اسلئے اہمیت کا حامل ہوتا ہے کہ لوگوں کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل ہوسکیں اور اس طرح پروگرام سے عام آدمی کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری انسانی حقوق نے مینارٹی سوک ایجنٹ پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ گورننس فورم میں شرکت کے موقع پر کیا ۔پروگرام کا انعقاد یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن نے لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں کیا۔ فورم میں محکمہ انسانی حقوق ، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندے،اقلیتوں کے حقوق کی وکالت کرنے والے کارکنان اور یو نین کو نسل اقلیتی شہری ایجنٹوں نے شرکت کی۔
سربراہ یوتھ ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے سربراہ شاہد رحمت نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فورم کا مقصد ڈسٹرکٹ گورننس فورم( DGF) کا تعارف اور اقلیتی شہری ایجنٹوں کے پرو گرام کے ساتھ ممبران، مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باہمی تعاون اور فعال مشغولیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانے کے لیے فاؤنڈیشن کے عزم کواجا گر کیا۔
واٹراینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی کے ڈائر یکٹرعبدالعاطف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور مسئلہ تب آتا ہے جب پائپ وغیرہ میں زنگ لگ جاتا ہے اور زیر زمین ہونے کی وجہ سے عام آدمی کو پتا نہیں چلتا۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ سے راشد نے کہا صفائ نصف ایمان ہے اور اس کے لیے ہر شہری کو اپنا فرض نبھانا ہوگا کیونکہ کوئی بھی ادارہ تن تنہا کامیا بی کی طرف نہیں بڑھ سکتا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے نمائندے نے بتایا کہ ہم سب کو ملکر اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہوگا اور ری سائیکلنگ کے ماڈل کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ترقیاتی ممالک کی طرح آگے بڑھ سکیں ۔ خواجہ سرا ئوں کی نمائندہ نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ خواجہ سرائوں کی نمائندگی بہت کم نظر آتی ہے جبکہ جینڈر کے مسائل ہر طرف نظر آتے ہیں ۔ فورم کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گلبہاز خان کنسلٹنٹ پروگرام نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد گورننس فورم بنانا ہے تاکہ آٹھ یونین کونسلوں میں کام کیا جاسکے ۔ مارچ کے مہینے میں ایک بڑے فورم کا انعقاد کیا جائے گا اور سب ملکر آج ایک ایکشن پلان بنائیں گے تاکہ مل کر مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے ۔پروگرام میں شامل شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری اور ان کے مسائل کے حل کی کوششیں کی جائیں گی اور سروس ڈیلیوری کے مسائل کو حل کرنے اور ایک موثر کو آرڈینیشن فریم ورک قائم کرنے کے جامع ا یکشن پلان بنایا جائے گا۔ سبھی شرکاء نے یو تھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اس طرح کے پروگرام جاری رکھنے پر زور دیا۔