مشرق وسطیٰ

اقوام متحدہ فلسطین کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے، پاکستان شریعت کونسل

مسلم حکمران بھی غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوموں کا ساتھ دیں، سیاسی، سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کر کے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے

اسلام آباد پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):‌غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت امت مسلمہ کا ملی اور دینی فریضہ ہے،مسلم حکمران بھی غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظلوموں کا ساتھ دیں، سیاسی، سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کر کے اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے، اقوام متحدہ فلسطین کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے ،موجودہ ماحول میں افغانیوں کے جبری انخلا کو درست نہیں سمجھتے ،ان خیالات کا اظہار پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہدالراشدی، مولانا ثناء اللہ غالب، مولانا عبدالرؤف محمدی، مولانا رمضان علوی، مولانا حافظ علی محی الدین،سعید احمد اعوان، حاجی صلاح الدین، مولانا محمد ادریس اور دیگر نے جامع مسجد سید الشہداء امیر حمزہ ایف ٹن ٹو اسلام آباد میں منعقدہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں فلسطینیوں کے خصوصی نمائندے عالمی اتحاد برائے نصرت القدس و فلسطین کے رہنما انجینئر انس ابراہیم اور انجینئر یوسف عمرنے بھی شرکت کی اور شرکاء کو غزہ کی اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کو یہودیوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے تمام امت مسلمہ کو ملت واحدہ بننا ہو گا،انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس اگرچہ مسلم امہ کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا مگر انہوں نے سابقہ موقف کو دہرایا ہے اور اپنے موقف کے حوالے سے کوئی پسپائی اختیار نہیں کی ،پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں نے اسلام آباد کے علمائے کرام کی طرف سے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے موجودہ حالات میں افغان مہاجرین کا جبری انخلا کسی صورت درست نہیں، ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کو تو نکالا جا سکتا ہے مگر پوری افغان قوم کو ٹارگٹ کرنا کسی طور پر بھی مناسب نہیں، اجلاس میں پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا مفتی محمد رویس خان ایوبی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومہ کی بخشش و مغفرت اور بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی،اجلاس میں مفتی محمد سعد سعدی،مولانا خرم شہزاد، مولانا اسد اللہ غالب، مولانا عبدالباسط، مولانا محمد معاویہ،مولانا حمید الرحمن،جناب شاہد میر اور دیگر حضرات بھی شریک ہوئے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button