مشرق وسطیٰ

نگران وفاقی حکومت فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، مدد علی سندھی

ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتیں عوامی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لانی چاہیں، ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے فنی تعلیم کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا

لاہور پاکستان (نمائندہ وائس آف جرمنی):  نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ نگران وفاقی حکومت فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتیں عوامی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لانی چاہیں، ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے فنی تعلیم کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا۔وہ جمعہ کے روز یہاں ورچوئل  یونیورسٹی اور  نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیچنگ ٹریننگ کمیشن(نیوٹک)کے درمیان دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان پروفیسر  ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی اور نیوٹک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے معزز مہمان کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔تقریب میں وزارت تعلیم و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے افسران سمیت ورچوئل یونیورسٹی اور نیوٹک کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہاکہ نگران وفاقی حکومت ملک میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نیوٹک اور ورچوئل یونیورسٹی مل کر فنی تعلیم کا دائرہ کار ہر چھوٹے بڑے گائوں اور قصبے تک لے کر جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی سے میرا تعلق بیس سال پرانا ہے، عوام اب اپنے حقوق سے واقف ہو چکی ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی تمام تر صلاحیتیں عوامی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں ہم نے بہت کچھ گنوایا ہے لیکن اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، ہمارے پاس تجربات کرنے کا کوئی وقت نہیں ہے،ہم اپنے نگران دور میںاچھے کاموں کی بنیاد ڈال کر جائیں گے تاکہ آ نے والی حکومت کیلئے آسانی رہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کا معیار مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جو بچے سکولوں سے باہر ہیں انہیں واپس لانا ہو گا، اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔وفاقی وزیر نے ورچوئل یونیورسٹی اور نیوٹک کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دونوں ادارے فنی تعلیم کے فروغ کے لئے بہت اچھا کام کررہے ہیں، نوجوانوں کو پاکستان کا اثاثہ بنانا ان دونوں اداروں کا مشن ہے۔  نیوٹک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی آن لائن فنی تعلیم عام کرنے میں نیوٹک کی مدد کرے گا،دوردراز پسماندہ علاقوں تک ورچوئل یونیورسٹی اور نیوٹک باہمی کوششوں سے جدید ترین فنی تعلیم عام کرے گا۔ ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی  پروفیسرڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی  نے کہا کہ ہماری کوشش ہے زیادہ سے زیادہ طلبا کو انٹرمیڈیٹ کے بعد یونیورسٹی تعلیم میں انرول کیا جائے،ورچوئل یونیورسٹی اور نیوٹک مل کرپاکستان کے زیادہ سے زیادہ طلبا کو فنی تعلیم سے ہمکنار کریں گے۔ ہم نیوٹک کا دائرہ کار بڑھانے کے لئیے ورچوئل یونیورسٹی کی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ای لرننگ سے روز گار کے موقع پیدا ہوں گے،پوری دنیا میں ای لرننگ مین کورسز کا حصہ بن چکا ہے،مستقبل میں ای لرننگ سکھانے والی یونیوسٹی ہی اپنا وجود قائم کر سکے گی ۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی مدد علی سندھی کو ورچوئل یونیوسٹی کی جانب سے یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button