
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد کا میو ہسپتال کا دورہ
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے اپنے میو ہسپتال کے دورے کے دوران بچوں کی ایمرجنسی، تہہ خانے، ساتویں منزل پر ڈاکٹروں کی لیب اور شعبہ ریڈیالوجی میں ہونیوالے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا
پاکستان لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے اپنے میو ہسپتال کے دورے کے دوران بچوں کی ایمرجنسی، تہہ خانے، ساتویں منزل پر ڈاکٹروں کی لیب اور شعبہ ریڈیالوجی میں ہونیوالے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ساتویں فلور تک تمام منزلوں کا دورہ کیا اور تمام شفٹوں کے لیبر کا رجسٹر بھی چیک کیا۔ صوبائی وزیر نے ری ویمپنگ کے جاری کام کی رفتار پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ایکسئین اور ایس ڈی او نے صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا کہ امپورٹڈ لفٹوں کی ڈیلیوری میں تاخیر ہے۔ لیمینر ایئر فلو آلات کی ترسیل جنوری 2024 کے آخر میں متوقع ہے۔ 7ویں منزل پر 13 ڈاکٹروں کے رہائشی فلیٹس ہیں جبکہ کچھ مسائل کی وجہ سے کام میں تاخیر ہو رہی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہسپتال انتظامیہ ٹھیکیداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ جو بھی خرابیاں ہیں انکو ٹھیک کرنے کے لیے مناسب جگہوں کی نشاندہی کی جا سکے اور وقت کے ساتھ پیسہ بچانے کے لیے الیکٹرک پوائنٹس کے ساتھ ساتھ دیگر اہم اشیاء کی بروقت نشاندھی ہو سکے۔ 7ویں منزل کے حوالے کرنے کے لیے محکمہ بلڈنگ کے ساتھ رابطہ قائم کریں ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام منزلوں میں متوازی کام شروع کرنے کے لیے مزدوروں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ اس منصوبے کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔