
سید عاطف ندیم-پاکستان:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ صوبے کے غیور عوام دشمن کے عزائم کو بخوبی سمجھتے ہیں اور وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جو معروف صحافی کاظم خان کی قیادت میں آئی ایس پی آر ہیڈکوارٹرز راولپنڈی پہنچا تھا۔ ملاقات میں قومی سلامتی، سٹریٹیجک کمیونیکیشن، میڈیا کا کردار، اور حالیہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
افواج پاکستان کو خراجِ تحسین
اعلامیے کے مطابق وفد کے اراکین نے "معرکۂ حق” کے دوران پاک فوج کی جرأت مندانہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے چلائے جانے والے پروپیگنڈے کے مقابلے میں آئی ایس پی آر نے ذمہ دارانہ، بروقت اور مؤثر ابلاغ کے ذریعے قوم کو حقائق سے باخبر رکھا، جس کی بدولت افواہوں اور غلط بیانیوں کا بروقت سدباب ممکن ہوا۔
سی پی این ای وفد نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں حاصل ہونے والی عظیم کامیابی دراصل پاکستانی قوم، حکومت اور افواج پاکستان کی باہمی ہم آہنگی، مربوط حکمت عملی اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، جو دشمن کے مذموم عزائم کی راہ میں فولادی دیوار بن کر کھڑی ہے۔
"نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں” — ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں۔ اُن کی مثبت سوچ، حب الوطنی اور شعور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کی پراکسی جنگ کا مکمل ادراک رکھتی ہیں اور قوم کی حمایت سے ہر محاذ پر بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ملک میں ہونے والے بیشتر دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کی منفی سوچ، فنڈنگ اور پراکسی نیٹ ورک کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کی سرزمین پر تخریبی سرگرمیوں کے لیے بیرونی دشمن عناصر مقامی سہولت کاروں کے ذریعے اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں، تاہم ہمارے ادارے اور عوام ان کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔‘‘
بلوچستان کے عوام دشمن کی چالوں سے باخبر ہیں
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان میں بھارتی پروپیگنڈے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی بہتر ہوتی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کے لیے دشمن عناصر سرگرم ہیں، لیکن بلوچستان کے باشعور اور محب وطن عوام ان ریشہ دوانیوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مایوسی پھیلانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔ افواج پاکستان بلوچستان کے ہر شہری کے ساتھ کھڑی ہیں۔‘‘
میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار قابلِ تحسین
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی میڈیا کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’’ملک کو درپیش چیلنجز میں میڈیا نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہے۔ معرکہ حق کے دوران قومی میڈیا نے پروفیشنلزم، حب الوطنی اور سچائی پر مبنی رپورٹنگ کے ذریعے نہ صرف قوم کا مورال بلند رکھا بلکہ دشمن کی منفی مہم کا بھی بھرپور جواب دیا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ میڈیا کا تعاون قومی سلامتی کے تقاضوں کے لیے نہایت اہم ہے اور آئی ایس پی آر میڈیا اداروں کے ساتھ مل کر پاکستان کا مثبت بیانیہ اجاگر کرتا رہے گا۔
یادگاری شیلڈ پیش
ملاقات کے اختتام پر کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے وفد نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے افواج پاکستان کے مؤقف کو مزید اجاگر کرنے، قومی بیانیے کی مضبوطی، اور عوامی اعتماد کو بڑھانے کے لیے آئی ایس پی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سی پی این ای وفد سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے باوجود قوم اور افواج پاکستان متحد ہیں۔ بلوچستان میں منفی پروپیگنڈے اور دہشت گردی کی مہم کو ناکام بنایا جائے گا، جبکہ میڈیا کا مثبت کردار قومی بیانیے کی مضبوطی میں اہم سنگِ میل ہے۔



