جنرل

آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات

پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں اورمسائل سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے

لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، پولیس ملازمین کو پیشہ ورانہ امور اور ذاتی مسائل کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، بہترین کمانڈر کے طور پر انکی مشکلات کا فوری ازالہ کریں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع پر مرکوز رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انکی پیش کردہ درخواستیں سن کر فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی پولیس کے کانسٹیبل عمران خان کی میڈیکل بلز کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹر محمد اصغر خان کی پروموشن درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو میرٹ پر ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا، انسپکٹر ظہیر الدین بابر (ریٹائرڈ) کی پیش کردہ درخواست پر آر پی او گوجرانوالہ کو فوری کاروائی کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے اے ایس آئی محمد رمضان کی اہلیہ کی جانب سے خاوند کی سروس سے متعلقہ درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو میرٹ پر ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا جبکہ فیصل آباد کے کانسٹیبل نور احمد شہید کی اہلیہ صغراں بی بی کی پلاٹ فراہمی اور مالی مدد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے پروموشن، ریکروٹمنٹ اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر اہلکاروں کو ریلیف فراہم کے احکامات جاری کئے۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس ملازمین کی پیش کردہ تمام درخواستوں پر کاروائی کے بعد رپورٹس سی پی او بھجوائی جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button