وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی ملاقات
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کی ملاقات، وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کے دورہ چین کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی جبکہ پاکستان بھر میں چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کے لئے کئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بشام واقعہ پر ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی-چین کے سفیر نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ تھا، ملوث عناصر کو ہر صورت عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے نئے ایس او پیز بنائے ہیں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور اور کراچی میں چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا اور قونصل جنرلز سے ملاقات کی، چینی قونصل جنرلز نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہے اور دشمن ان مضبوط تعلقات میں دارڑ نہیں ڈال سکتا ۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چین کے سفارت خانے کے اعلی حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔