کاروبار

چوہدری شافع حسین سے چین کی سکل ایجوکیشن کی کمپنی یو این آئی انٹرنیشنل کے سی ای او مسٹر میکس ما سے ملاقات

ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں تعاون پر اتفاق،عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے،ماضی میں ٹیوٹا کے اداروں کو اپ گریڈ کرنے پر توجہ نہیں دی گئی،موجودہ حکومت نے ٹیوٹا کے اداروں اور ان کی لیبز کوعالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے مرحلہ وار پروگرام شروع کیا ہے۔وزیر صنعت و تجارت پنجاب

پاکستان،لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی سکل ایجوکیشن کی کمپنی یو این آئی انٹرنیشنل کے سی ای او مسٹر میکس ما نے ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ہونے والی ملاقات کے دوران ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں تعاون پر اتفاق کیاگیا۔اس مقصد کیلئے ٹیوٹا اور یو این آئی انٹرنیشنل کے مابین جلد معاہدہ ہوگا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے، بدقسمتی سے ٹیوٹا کے ادارے عالمی معیار کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار نہیں کررہے۔ماضی میں ٹیوٹا کے اداروں کو اپ گریڈ کرنے پر توجہ نہیں دی گئی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ٹیوٹا کے اداروں اور ان کی لیبز کوعالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے مرحلہ وار پروگرام شروع کیا ہے۔پہلے مرحلے میں ٹیوٹا کے 6 کالجوں اور ان کی لیبز کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔چین کی کمپنی یواین آئی انٹرنیشنل کے اس حوالے سے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ٹیوٹا کے اداروں میں پہلی بار سولر ٹیکنالوجی کے کورسز متعارف کرائے جارہے ہیں۔تیانج یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں چار سالہ ڈگری کورسز کے علاوہ 2سالہ کورسز شروع کرنے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کا انقلابی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔چیف منسٹر سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 3ماہ کے آئی ٹی کورسز مفت کرائے جارہے ہیں۔پروگرام کے تحت ہرسال 4 ہزار بچے اور بچیوں کو شارٹ کورسز کرائے جائیں گے۔کورسز کی تکمیل پر انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ہوگی۔یو این آئی انٹرنیشنل کے سی ای او مسٹر میکس ما نے کہاکہ ہمارا گروپ عالمی مارکیٹ اور چینی کمپنیوں کی ضرورت کے مطابق پاکستانی لیبر کو تربیت فراہم کرسکتا ہے۔پنجاب حکومت کے ساتھ سکل ڈویلپمنٹ میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button