مشرق وسطیٰ

کشمیرسنٹرلاہوراور حریت کانفرنس کا برہان وانی کے یوم شہادت پر مظاہرہ

نوجوان مجاہدکمانڈرمظفروانی اپنی ذات میں ایک پوری تحریک تھا۔ اس نے جذبہ جہاد سے سرشار ہوکر اپنے وطن کو غاصب بھارتی افواج سے پاک کرنے کے لیے بندوق اٹھائی اور اس راہ میں عین جوانی کے عالم میں اپنی جان پیش کردی

پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی) کشمیرسنٹرلاہور اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے اشتراک سے نوجوان مجاہد کمانڈر مظفروانی شہید کے 8ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی مظاہرہ کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہرہ سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما انجینئرمشتاق محمود، انچارج کشمیرسنٹرانعام الحسن،رہنما پاکستان تحریک انصاف فاروق آزاد، رہنما مسلم لیگ عاطف میر، رہنما جے کے ایل ایف آفتاب عالم نازکی، شہزاد نازکی،صدر تحریک محافظ کشمیرمعروف صحافی راجہ ابرار،نذیراحمد میر، نثاراحمد بیگ اور دیگر نے خطاب کیا۔ انجینئرمشتاق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مجاہدکمانڈرمظفروانی اپنی ذات میں ایک پوری تحریک تھا۔ اس نے جذبہ جہاد سے سرشار ہوکر اپنے وطن کو غاصب بھارتی افواج سے پاک کرنے کے لیے بندوق اٹھائی اور اس راہ میں عین جوانی کے عالم میں اپنی جان پیش کردی۔ انھوں نے کہا کہ برہان مظفروانی نے کشمیری نوجوانوں میں جذبہ جہاد ابھارنے اور انھیں بھارتی فوج کے خلاف سینہ سپر کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا۔ وہ اس کے ذریعے بھارتی فوج کے مظالم کو اجاگر کرتے، وہ غاصب بھارتی فوج کے خلاف اپنی کارروائیاں بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر کے ایک کونے سے دوسرے کونے اور پوری دنیا تک پھیلاتے۔ اس طرح انھوں نے موبائل کا مثبت اور درست استعمال کرکے سینکڑوں جوانوں میں آزادی کی تڑپ اور جہاد کی روح پھونکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

فاروق آزاد نے کہا کہ برہان مظفروانی کو شہید کرکے بھارتی فوج سمجھ رہی تھی کہ اس نے تحریک کا ایک اہم باب بند کردیا لیکن برہان مظفروانی کی شہادت نے ایک پوری تحریک کو جنم دیا ہے۔ برہان کی شہادت پر مقبوضہ جموں وکشمیر کا ہرنوجوان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکلا اور اس نے وانی کے نقش ِ قدم پر چلنے کاعہد کیا جس نے بھارتی فوج کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔عاطف میر، آفتاب عالم نازکی، شہزاد نازکی اور راجہ ابرار نے کہا کہ برہان مظفروانی ایک عظیم مجاہد کمانڈر تھا جس نے کئی برس تک بھارتی فوج کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا اور اسے ناکوں چنے چبوائے۔ وہ ایک جانب دشمن سے برسرپیکار رہا تو دوسری جانب اپنے بھائیوں کی جہادی تربیت میں مصروف عمل رہا۔ بھارتی فوج نے حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کرڈالالیکن وہ نوجوانوں کے دلوں سے جذبہ جہاد اور آزادی کی تڑپ کو نکالنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ اب تحریک آزادی کشمیر کی باگ ڈور ان ہی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔کشمیر کا ہر نوجوان برہان وانی کے نقش قدم پر چل رہاہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا بازار گرم کررکھا ہے۔ ہر روز کئی جوانوں کو شہید کیاجارہاہے۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو برہان وانی کی عظیم قربانیوں سے روشناس کروائے جانے کی اشد ضرورت ہے۔مظاہرہ کے اختتام پر نثار احمد بیگ نے برہان مظفروانی اور دیگر شہداء کی بلندی درجات، مقبوضہ جموں وکشمیر کی جلد آزاد ی اور وطن عزیز پاکستان کے استحکام، امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button