ہسپتالوں میں بچوں کی پیدائش، اموات کا ڈیٹا شئیر کا معاہدہ محکمہ صحت، نادرا کے مابین طے پا گیا
ڈیٹا نادرا کے ساتھ شئیر کرنے سے شہریوں کو برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں آسانی ہو جائیگی، خواجہ عمران نذیر
پاکستان لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی):ہسپتالوں میں بچوں کی پیدائش، اموات کا ڈیٹا شیئر کرنے کے حوالہ سے محکمہ صحت اور نادرا کے مابین اہم معاہدہ طے پاگیا۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں سپیشل سیکرٹری آپریشن محمد اقبال اور ڈائریکٹر نادرا کرنل ریٹائرڈ ثاقب محمود نے معاہدہ پر دستخط کئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا نے معاہدہ پر بطور گواہان دستخط کئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے نادرا کے ساتھ بچوں کی پیدائش، اموات سے متعلق ڈیٹا شئیر کرنے جارہا یے۔نادرا کے ساتھ یہ ڈیٹا ڈائریکٹ شئیر کرنے سے شہریوں کو برتھ سرٹیفیکٹ بروقت حاصل ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی آگہی کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات سے استفادہ کیا جائیگا۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ نادرا کے ساتھ ریکارڈ شئیرنگ سے ڈیجیٹائزیشن رجیم شروع ہوگیا ہے، پیپر لیس نظام معاون ثابت ہوگا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈی، انڈور بچوں سمیت تمام مریضوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کے ڈیجیٹل ریکارڈ سے امراض کی وجوہات، عوامل اور روک تھام کے لئے بہتر حکمت عملی تیار کی جاسکے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس نادرا کرنل ثاقب محمود نے کہا کہ بچوں کی پیدائش اور اموات کا ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن ائندہ ڈیجیٹل مردم شماری میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی ڈیجیٹائز یشن پر محکمہ صحت کی تعریف کی۔اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر یونس اور ڈائریکٹر ہسڈو محمد احمر بھی موجود تھے۔