مشرق وسطیٰ

پاکستان:آئین اقلیتوں کو حقوق دیتا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کا مشن ہے۔صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ

میڈیا مذہبی اقلیتوں کی مدد کے لئے آواز اٹھاتا ہے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوتا ہے

لاہور (نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر سی پی او کامران عادل کے ہمراہ پولیس لائنیز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کوڈی ٹائپ کالونی کے علاقے میں ایک سکھ خاتون کو حبس بے جا میں رکھنے کی اطلاع کے بعد کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نےبتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس فوراً حرکت میں آئی اور اے ایس پی اور ایس ایس پی انویسٹگیشن کی قیادت میں ماں اور بیٹے کو بازیاب کرایا گیا۔انہوں نے پولیس کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بچی کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تھانہ ساندل بار کے علاقہ میں مسیحی خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان کے قریب پہنچ چکے ہیں جو جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔
ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ تین دن قبل وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا گیا۔ پنجاب میں بسنے والی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعلیٰ نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کیا جاتا ہےجبکہ حقیقت یہ ہے کہ آئین اقلیتوں کو حقوق دیتا ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کا مشن ہے۔
انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا مذہبی اقلیتوں کی مدد کے لئے آواز اٹھاتا ہے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوتا ہے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کے لئے ولاگرز کو ہائر کیا گیا ہے جو انتہا پسندی اور اقلیتوں کے غیر محفوظ ہونے کے حوالے سے حقیقت کے برعکس پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔کانفرنس کے اختتام میں سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ہمیں ہندو،سکھ،مسلم،پنجابی،سندھی، بلوچ کی تقسیم میں نہیں پڑنا چاہیے۔ گزشتہ روز آزادی کا جشن منایا گیا اور ملی نغمے گائے گئے کہ "اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں”۔ ہم سب کو اسی ویژن کے تحت آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں صوبائی وزیر اقلیتی امور نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر)ندیم ناصر سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ بارے امور پر تبادلہ کیا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button