پاکستان: ترکیہ کے سفیر کی وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات،انسداد دہشتگردی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون اور پروازوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق
پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی سمیت ہر طبقے نے خون دے کر دہشتگردی کےخلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے۔ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ترکیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ محسن نقوی
اسلام آباد(نمائندہ وائس آف جرمنی): ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وزارت داخلہ میں وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ترکیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ترکیہ کو بھی دہشت گردی کا سامنا تھا لیکن ترکیہ نے دہشتگردی پر قابو پایا اور اب حالات بہتر ہیں۔ ترکیہ کے سفیر نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بحیثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انمٹ قربانیاں دی ہیں۔ پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی سمیت ہر طبقے نے خون دے کر اس جنگ میں تاریخ رقم کی ہے،انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ترکیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں ترکیہ کا دورہ کروں گا، ترکیہ کے دورے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات تجویز کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا کہ پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان ترکیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے ڈاکٹر مہمت پاچاجی کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے او آئی سی میں بطور خصوصی ایلچی تعیناتی پر مبارکباد دی اور ترکیہ کے سفیر کی نئی تعیناتی اور مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔