پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام ’کنورجینس‘کی اختتامی تقریب کا انعقاد
فن پارے نہ صرف جمالیاتی تجربات کے طور پر کام کرتے ہیں بلکہ موجودہ ماحولیاتی چیلنجوں پر تنقیدی تبصروں کے طور پر بھی کام کرتے ہیں, وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی
لاہور(نمائندہ خصوصی):پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام ’کنورجینس‘، پائیدار ماحولیات کے لیے فن کی ہم آہنگی لاہور بینالے 03کے لیے نمائش کی اختتامی تقریب کا انعقاد تاریخی وولنر ہال، اولڈ کیمپس میں کیا گیا جس میں آرٹ اور پائیداری کے باہمی تعلق کی تلاش پر مبنی 40 سے زائد فنکاروں کے مختلف فن پاروں کو پیش کیا گیا۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر، پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر ثمینہ نسیم، حبیب عالم، ڈاکٹر اسنا مبشرہ، فیکلٹی ممبران، فنکار اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد پائیداری اور ماحولیاتی مسائل کے بارے فن کے ذریعے شعور اجاگر کرنا تھا جو پینٹنگ، مجسمہ سازی، تنصیب، ڈیجیٹل میڈیا اور فائبر آرٹ سمیت مختلف فن پاروں کو یکجا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طرز عمل کو تبدیل کرنے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے پائیدار طریقوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گرین انرجی کی طرف بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فن پارے نہ صرف جمالیاتی تجربات کے طور پر کام کرتے ہیں بلکہ موجودہ ماحولیاتی چیلنجوں پر تنقیدی تبصروں کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کالج میں طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کے لئے بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر اساتذہ کی تعریف کی۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نسیم نے کہا کہ یہ نمائش معاشرے کو پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کے بارے میں مکالمے میں شامل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ میں منفرد صلاحیت موجود ہے جو تبدیلی کے عمل کو متاثر کرے اور یہ حیرت انگیز نمائش افراد کو ماحول پر اپنے اثرات پر غور کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ نمائش کا دورہ کرنے والے افراد نے مشاہدہ کیا جو فطرت اور اس کے ساتھ انسانیت کے تعلقات کے بارے میں روایتی نقطہ نظر کو چیلنج کرتے ہیں۔کنورجینس کے ڈسپلے نے آرٹ کے شائقین، طلباء اور ماحولیاتی حامیوں کو اپنی طرف متوجہ کیاجنہوں نے متنوع فن پاروں کو سراہا۔ ’کنورجینس‘ایک افزودہ تجربہ رہا ہے جس نے دیکھنے والے کو تخلیقی صلاحیتوں اورماحولیاتی ذمہ داری کے درمیان ہم آہنگی پر غور کرنے کی دعوت دی۔ نمائش عوام کے لیے کھلی رہی اور فنکاروں اور شخصیات نے شو کا دورہ کیا اور آرٹ ورک کو سراہا۔