ٹیکنالوجی

ایلون مسک کے X کی مقبولیت میں کمی

یہ مقبولیت اس وقت مزید بڑھی جب ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے X کو خیرباد کہہ کر بلیو اسکائی کا رخ کیا

کیلیفورنیا:سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ایلون مسک کی ملکیت والی سوشل میڈیا سائٹ X (سابقہ ٹویٹر) کی مقبولیت کم ہو رہی ہے، جبکہ بلیو اسکائی تیزی سے صارفین کے دل جیت رہا ہے۔
بلیو اسکائی، جو کہ مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ہے، نے حالیہ دنوں میں زبردست مقبولیت حاصل کی ہے۔ بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق، بلیو اسکائی کے صارفین کی تعداد 16 ملین سے تجاوز کر چکی ہے، اور صرف ایک ہفتے میں 10 لاکھ نئے صارفین نے اس پلیٹ فارم کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔
یہ مقبولیت اس وقت مزید بڑھی جب ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے X کو خیرباد کہہ کر بلیو اسکائی کا رخ کیا۔ ان میں ڈان لیمن، لیزو، جیمی لی کرٹس، ایلٹن جان، میا فیرو، اور ہووپی گولڈ برگ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
یہ تبدیلی ایلون مسک کے X پلیٹ فارم پر سروس کی شرائط میں تبدیلی اور امریکی انتخابات کے بعد سامنے آئی۔ اس کے علاوہ، ایلون مسک کی ٹرمپ انتظامیہ میں شمولیت نے بھی صارفین کو متاثر کیا ہے۔
بلیو اسکائی صارفین کو اپنے ڈیٹا کو کنٹرول کرنے اور اپنی مرضی کے اصول وضع کرنے کی اجازت دیتا ہے، جو اسے X کے مقابلے میں زیادہ آزاد اور شفاف بناتا ہے۔ یہ 2019 میں جیک ڈورسی کے ایک تحقیقی منصوبے کے طور پر شروع ہوا تھا اور 2023 میں عوام کے لیے کھولا گیا۔
صارفین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث بلیو اسکائی کے سرورز عارضی طور پر بیٹھ گئے تھے، تاہم کمپنی نے اس مسئلے پر جلد قابو پا لیا۔
یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی زیلنسکی کی سفارتی پیشکش؛ روس کے سخت مطالبات برقرار
X کے 317 ملین صارفین کے مقابلے میں بلیو اسکائی کا صارف بیس ابھی چھوٹا ہے، لیکن اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہالی ووڈ کی شخصیات کے ساتھ عام صارفین بھی مسک کے پلیٹ فارم سے دور ہو کر بلیو اسکائی کا رخ کر رہے ہیں، جو اسے مستقبل کا ایک اہم سوشل نیٹ ورک بنا سکتا ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button