چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، محسن نقوی کا اعلان
انہوں نے کہا کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے اور پاکستان میں کرکٹ کے اس بڑے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی منعقد کی جائے گی اور اس ایونٹ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کے لیے بھرپور کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے اور پاکستان میں کرکٹ کے اس بڑے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیمز کی تیاری کا عمل تیز رفتار سے جاری ہے اور ہم اس منصوبے کی تکمیل میں اپنے طے شدہ شیڈول سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ "ہم اپنی ڈیڈ لائن سے پہلے اسٹیڈیمز کی تعمیراتی کام مکمل کر لیں گے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، اس میں کوئی شک نہیں۔”
بنوں: مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 7 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مسلسل رابطے میں ہے اور چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حوالے سے آئی سی سی کو خط بھی لکھا ہے، جس کا جواب جلد ملنے کی توقع ہے۔
دوسری طرف، چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارت کی جانب سے مسلسل مزاحمت کی خبریں آ رہی ہیں، جس سے براڈکاسٹرز کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق براڈکاسٹرز نے آئی سی سی سے رابطہ کر کے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پاک بھارت میچ کا انعقاد غیریقینی رہا تو انہیں لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہو سکتا ہے۔
جو لوگ ٹیکس چوری کرتے ہیں یا اس میں معاونت فراہم کرتے ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا:وزیراعظم
براڈکاسٹرز نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو یقینی بنائے تاکہ مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ سٹار انڈیا نے اس بات کا تخمینہ لگایا ہے کہ ان کی کمپنی کو 40 ارب روپے تک کا نقصان ہو سکتا ہے۔
آئی سی سی نے اس حوالے سے کوئی بیان دینے سے گریز کیا، تاہم اس کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شامل تمام بورڈز سے رابطے میں ہے اور معاملات کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔