(سید عاطف ندیم.پاکستان): صوبائی وزیر اقلیتی امور، رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت کیمپ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اقلیتی ممبران پنجاب اسمبلی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں مذہبی اقلیتوں کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور اہم مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر سابقہ صوبائی وزیر اعجاز عالم آ گسٹین، پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق سونیا عاشر، ایم پی اے بابا فیلبوس کرسٹوفر، ایمونیئل اطہر، طارق مسیح گل اور دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔
اجلاس کے دوران اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی، جن میں اقلیتی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف اقدامات شامل تھے۔ خاص طور پر "مینارٹیز کارڈ” کے اجراء اور اس میں حائل رکاوٹوں کے حل پر تفصیلی بحث کی گئی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اقلیتی حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں اقلیتی نمائندوں نے اپنے اپنے مسائل اٹھائے اور ان کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقلیتی کمیونٹی کی فلاح کے لیے مزید عملی اقدامات کرے گی اور ان کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے مناسب پالیسیوں پر کام جاری رکھے گی۔