پاکستاناہم خبریں

سپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے ’44 پاکستانی ہلاک‘

پاکستان کے سفارتی حکام نے حادثے کی براہ راست تصدیق یا تردید کرنے سے گریز کیا

مغربی افریقہ سے سپین جانے والی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے 44 پاکستانی ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’واکنگ بارڈرز‘ کے مطابق مغربی افریقہ سے سپین جانے والی تارکین کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بدھ کو مراکش کے حکام نے ڈوبنے والی ایک کشتی کے 36 مسافروں کو بچایا تھا۔ مذکورہ کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے سپین کے لیے روانہ ہوئی تھی اور اس پر 86 افراد سوار تھے۔
کشتی پر سوار 86 افراد میں سے 66 پاکستانی تھے۔
’واکنگ بارڈر‘ کی سی ای وا ہیلینا مالینو نے ایکس پر لکھا کہ ڈوبنے والوں میں سے 44 پاکستانی تھے۔
’انہوں نے 13 دن سمندر میں بڑی مشکل میں گزار دیے اور کوئی ان کی مدد کو نہیں آیا۔‘
دوسری جانب اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر سپین میں پاکستانی سفارت خانے نے بتایا کہ کشتی حادثہ کے معاملے کو مراکش میں پاکستانی سفارت خانہ دیکھ رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو واقعے کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’انسانی سمگلنگ کے سنگین جرم میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔ اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مراکش میں پاکستانی سفارت خانے نے اطلاع دی ہے کہ موریطانیہ سے جانے والی کشتی مراکش کے داخلہ پورٹ کے قریب ڈوب گئی۔ کشتی میں 80 مسافر سوار تھے جن میں کئی پاکستانی بھی تھے۔ حادثے میں بچ جانے والے افراد بشمول پاکستانی داخلہ کے قریب ایک کیمپ میں موجود ہیں۔ رباط میں ہمارا سفارت خانہ مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔ سفارت خانے سے ایک ٹیم پاکستانیوں کی مدد کے لیے داخلہ بھیجا دیا گیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دفتر خارجہ کے کرائسس منیجمنٹ سیل کو فعال کر دیا گیا ہے اور وزیرخارجہ اسحاق  ڈار نے تمام متعلقہ حکومتی اداروں کو متاثرہ پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کا حکم دیا ہے۔‘
’واکنگ بارڈر‘ کی سی ای وا ہیلینا مالینو نے ایکس پر لکھا کہ ڈوبنے والوں میں سے 44 پاکستانی ہیں۔ 
واکنگ بارڈرز کے مطابق 2024 میں 10 ہزار 457 سے زائد تارکین وطن (اوسطاً 30 افراد روزانہ) سپین پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہوگئے۔ ان میں سے اکثریت افریقی ممالک سے بحر الکاہل والے روٹ سے سپین پہنچنے کی کوشش میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اس نے چھ دن پہلے ان تمام ممالک کے حکام کو اس کشتی کے سمندر میں گم ہونے کے متعلق الرٹ کیا تھا۔
’الارم فون‘ نامی این جی او، جو کہ سمندر میں بھٹکنے  والے تارکین وطن کو ہنگامی امداد فراہم کرتی ہے، کا کہنا ہے کہ اس نے کشتی کے بارے میں سپین کی میری ٹائم ریکسیو سروس کو 12  جنوری کو الرٹ کیا تھا۔
تاہم ریسکیو سروس کے مطابق مذکورہ کشتی کے بارے میں اس کے پاس کوئی معلومات نہیں تھی۔
واکنگ بارڈرز کی پوسٹ کو کوٹ کرکے کینیری آئیلینڈ کے مقامی لیڈر فرنینڈو کلاویجو نے کشتی حادثے پر اپنے دکھ کا اظہار کیا اور یورپ اور سپین پر زور دیا کہ وہ مزید کسی المیے کو روکنے کے لیے اقدامات کرے۔
 کلاویجو نے ایکس پر لکھا کہ ’بحر الکاہل مزید افریقہ کا قبرستان نہیں ہوسکتا۔ وہ اس انسانی المیے پر اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔‘
مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button