
ای سی او کی مستقل مندوبین کونسل کا اجلاس پنجاب حکومت کی میزبانی میں لاہور میں منعقد ہوا
ای سی او سفرا شہر کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے، اور میلہ چراغاں سمیت مختلف ثقافتی تقریبات میں شرکت کریں گے
(سید عاطف ندیم-پاکستان):اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے رکن دس ممالک کے سفیر آج خصوصی دعوت پر لاہور پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر اسٹیٹ گیسٹ لاؤنج کو مہمانوں کے لیے خصوصی طور پر کھولا گیا جبکہ ایئرپورٹ کو استقبالی بینرز اور ای سی او رکن ممالک کے قومی پرچموں سے مزین کیا گیا۔ سفیروں کو پھول پیش کیے گئے اور گرمجوشی سے خوش آمدید کہا گیا۔یہ وفد وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی دعوت پر لاہور پہنچا۔ وزیر زراعت پنجاب، سید عاشق حسین کرمانی نے ہوائی اڈے پر مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ ایران میں پاکستان کے سفیر رضا امیری مقدم نے ای سی او وفد کو گلدستے پیش کیے۔ای سی او کی مستقل مندوبین کونسل کا 294 واں اجلاس پنجاب حکومت کی میزبانی میں لاہور کے سول سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں 2027 کے لیے ‘ای سی او کیپٹل ٹورازم’ کے اعزاز کا فیصلہ کیا جائے گا، جس کے لیے لاہور ایک نمایاں امیدوار کے طور پر زیر غور ہے۔ اس سے قبل ازبکستان کے شہرِ سبز اور ترکیہ کے شہر اَذرُوم کو یہ اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ای سی او میں شامل ممالک میں ترکیہ، ایران، افغانستان، پاکستان، آذربائیجان، قزاغستان، کرغستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔لاہور آمد کے موقع پر ای سی او سفرا شہر کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کریں گے، اور میلہ چراغاں سمیت مختلف ثقافتی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ ان کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے اور سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر محترمہ مریم اورنگزیب نے ای سی او وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ موقع پاکستان خصوصاً پنجاب کی قدیم تاریخ، عظیم ورثے اور رنگارنگ ثقافت کو عالمی سطح پر روشناس کروانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ لاہور 2027 کے لیے ‘ای سی او کیپٹل ٹورازم’ کے اعزاز کا حقدار ٹھہرے گا، انشائاللہ۔اجلاس میں شریک سفیروں نے شاندار انتظامات اور مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس دورے کو نہایت خوشگوار اور یادگار قرار دیا۔