
پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جدھر تمام مذہبی اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں ۔ رمیش سنگھ اروڑہ
دشمن کی ہر سازش کو بے نقاب کیا جائے گا اور اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا
(سید عاطف ندیم-پاکستان): صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں جاری کردہ اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پاکستانی، خواہ وہ کسی بھی مذہب یا قومیت سے تعلق رکھتے ہوں، اپنی پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ اور قوم کے فخر کا باعث ہیں۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دشمن کی ہر سازش کو بے نقاب کیا جائے گا اور اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو اس اہم انسانی مسئلے پر فوری اقدام کرنا چاہیے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ اور آزاد ہیں۔ پاکستان کے عوام نے بیساکھی کے تہوار کے موقع پر دنیا کو یہ پیغام دیا کہ یہ ملک ہر مذہب، قوم اور تہذیب کے لوگوں کے لیے پرامن اور مہمان نواز ہے۔ "دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی قوم کس قدر مہمان نواز ہے اور اقلیتوں کو کس عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا جاتا ہے۔