پاکستان پریس ریلیزاہم خبریں

گذشتہ دو سالوں میں نیب نے 5400 ارب کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری کی؛ چیئرمین نیب

بزنس کمیونٹی ، بیوروکریسی اور سیاسی حلقہ کو خدشات تھے جنہیں مدِنظر رکھتے ہوئے نیب میں متعدد ریفارمز کی گئیں

(سید عاطف ندیم-پاکستان):چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے آج لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایل سی سی آئی) کا اہم دورہ کیا جہاں صدر، ایل سی سی آئی میاں ابو زر شاد اور کور کمیٹی ممبران کیجانب سے چیئرمین نیب کو جامع بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نیب کے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز دورہ کے دروان ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب لاہور ، محمد احترام ڈار،ڈی جی آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ، ڈی جی نیب راولپنڈی وقار احمد چوہان، ڈی جی نیب ملتان انجینئر مسعود عالم خان اور دیگر اعلی افسران ان کے ہمراہ تھے تاہم بریفنگ میں سینئر نائب صدر ایل سی سی آئی انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور پنجاب کے دیگر چیمبرز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ دو سال قبل ذمہ داریاں سنبھالیں تو حالات یکسر مختلف تھے۔ بزنس کمیونٹی ، بیوروکریسی اور سیاسی حلقہ کو خدشات تھے جنہیں مدِنظر رکھتے ہوئے نیب میں متعدد ریفارمز کی گئیں اور بزنس کمیونٹی و بیوروکریسی کو نیب کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس ضمن میں نیب کیجانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے گذشتہ دو سالوں میں5400 ارب کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری ممکن بنائی ہے۔ گذشتہ دوسالوں کے دوران کسی کی نیب کے ہاتھوں کردار کشی کی شکایت موصول نہیں ہوئی لیکن قومی خزانہ میں اربوں روپے جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہا۔چیئرمین نیب نے آگاہ کیا کہ نیب کے حالیہ اقدامات سے بزنس کمیونٹی کے دل سے نیب کا خوف ختم ہوا ہے اورملک میں بزنس کیلئے سازگار ماحول میسر ہوا ہے ۔چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تمام قومی اداروں اور بزنس کمیونٹی کو ساتھ ملا کر اقدامات کرنا چاہتے ہیں جبکہ پاکستانی بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کو ٹریلین ڈالر اکانومی میں تبدیل کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب میں جھوٹی شکایات جمع کروانے کا راستہ بند کیا گیا ہے ۔ گذشتہ سال 18 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں 86 فیصد جھوٹی ثابت ہوئیں ۔ نیب قانون کی شق 18 (h) کے تحت جھوٹی شکائیت پر 20 لاکھ جرمانہ اور 5 سال تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ نیب میں حالیہ اصلاحات کے مطابق متاثرین کی سہولت کیلئے واٹس ایپ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ چیئرمین نیب نے آگاہ کیا کہ نیب کو جدید دور کے مطابق ڈیجیٹلائیز کیا جا رہا ہے ۔
اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر میاں ابو زر شاد نے کہا کہ فوج واحد ادارہ ہے جو ملک و قوم کیلئے قربانیاں دے رہا ہے۔ پوری بزنس کمیونٹی قومی ادارہ کے ساتھ ملکی دفاع کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایل سی سی آئی ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے نیب کیساتھ بھرپور تعاون اور اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیڈ منی میکرز ملک کی معاشی کارکردگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں تاہم ایک سال کے دوران 10 ارب ڈالر باہر منتقل ہوچکا اور 4200 کمپنیاں ملک سے باہر رجسٹرڈ ہوئیں۔
اپنے دورہ کے دوران چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے ایل سی سی آئی میں نیب بزنس سہولت سینٹر کا افتتاح کیا جبکہ صدر، لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے چیئرمین نیب کو سویئنیر بھی پیش کیا گیا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button