پاکستان

لائیو: شہباز شریف سے امریکی وزیرخارجہ کا رابطہ، جنوبی ایشیا کی صورت حال پر تبادلہ خیال

ہم نے ابھی تک سرحد پار کوئی حملہ نہیں کیاـ وزیر اطلاعات عطا تارڑ

اہم نکات

  • لاہور میں نیول بیس کے قریب انڈین ڈرون مار گرایا: پاکستانی حکام

  • پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث کاروبار روک دیا گیا

  • کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ایئرپورٹس شام 6 بجے تک بند

  • امن چاہتے ہیں مگر کمزوری نہیں دکھائیں گے: وزیراعظم شہباز شریف

  • سکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہے: پی آئی اے


ہم نے ابھی تک سرحد پار کوئی حملہ نہیں کیاـ وزیر اطلاعات عطا تارڑ

Imran Khan is as good as our current leadership, says Atta Tarar

پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ  نے کہا ہے کہ ’پاکستان کا موقف بالکل دوٹوک ہے، ہم نے انڈین مقبوضہ جموں و کشمیر کو نشانہ بنایا نہ ہی ابھی تک سرحد پار کسی جگہ حملہ کیا اور  ہماری فضائیہ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘
انہوں نے جمعرات کی شب کہا کہ ’چھ اور سات مئی کی رات انڈیا کی بلااشتعال جارحیت کا خمیازہ اسے خود بھگتنا پڑا اور اب اپنی ناکامی چھپانے کے لیے انڈین میڈیا جھوٹی کامیابی کی کہانیاں گھڑ رہا ہے۔‘
’پاکستان نے اب تک صرف اپنے دفاع میں اقدامات کیے ہیں۔

جموں میں دو زوردار دھماکے، شہر میں مکمل بلیک آؤٹ  

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں دو زوردار دھماکوں کی آوازیں  سنی گئی ہیں۔
روئٹرز کے مطابق دھماکوں کی آوازیں جموں شہر میں سنی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔

شہباز شریف سے امریکی وزیرخارجہ کا رابطہ، جنوبی ایشیا کی صورت حال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو ٹیلی فونک پر رابطہ ہوا ہے اور وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی سکیورٹی صورت حال پر صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا۔‘
وزیراعظم سے جمعرات کی شام جاری کردہ بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی وزیرخارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے ’انڈیا  کی جانب سے  میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں 31 شہری شہید ، 57 زخمی ہوئے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔‘
بیان کے مطابق ’ وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا کے حملوں نے ناصرف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی بلکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔‘
’وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔‘
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ’سیکریٹری روبیو نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کی صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ وہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔‘
’اس مقصد کے لیے انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کشیدگی کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘

ڈرون حملوں کے بعد پاکستان کا انڈیا کو جواب دینا ناگزیر ہو چکا: وزیر دفاع

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کی کشیدگی میں کمی کے لیے امریکہ عالمی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز سے گفتگو میں پاکستانی وزیر دفاع نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے ڈرون حملوں نے اب پاکستان کے جوابی حملے کو یقینی بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جوابی اقدامات ’اب یقینی بنتے جا رہے ہیں۔‘
’میں اب بھی یہ نہیں کہوں گا کہ یہ سو فیصد یقینی ہے لیکن صورتحال نہایت مشکل ہو چکی ہے، ہمیں اب جواب دینا ہے۔‘

کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن رات 12 بجے تک معطل

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کہا ہے کہ آپریشنل وجوہات کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جمعرات کی شب 12 بجے تک معطل رہے گا۔
جمعرات کی شام اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں سے درخواست ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق معلومات کے لیے ایئرلائنز سے رابط میں رہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث لاہور، اسلام آباد اور کراچی کے ایئرپورٹس پر فلائٹس شیڈول متاثر ہوا ہے۔

امریکی شہری نقل و حرکت محدود کریں، لاہور میں قونصلیٹ کی ہدایت

پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے لاہور قونصلیٹ کے سٹاف کو نقل وحرکت محدود کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جمعرات کو لاہور قونصلیٹ کے لیے جاری کیے گئے سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں ڈرونز کے پھٹنے اور گرانے جانے کے واقعات رپورٹ کیے جا رہے ہیں اس لیے امریکی شہری اپنی نقل و حرکت محدود کریں۔
سکیورٹی الرٹ کے مطابق امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محفوظ جگہوں پر رہیں اور کھلی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

پی ایس ایل 10: پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا میچ ری شیڈول کرنے کا فیصلہ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان آج رات راولپنڈی میں ہونے والے میچ  کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی مقررہ وقت پر نظر ثانی کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کرے گا۔
دوسری جانب راولپنڈی سٹیڈیم کے وی آئی پی گیلری اور انکلوژرز کے ٹکٹ ہولڈرز ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے آج کے میچ کی ٹکٹ کا ری فنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔
اس میچ کے لیے آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کی واپسی بکنگ کے وقت استعمال کیے گئے اکاؤنٹس میں خود بخود ہو جائے گی۔

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دو دن کی چھٹیوں کا اعلان

انڈیا سے کشیدگی کے دوران سکیورٹی خدشات کے باعث صوبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دو دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کی سہ پہر صوبے کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے جمعے اور سنیچر کو دو دن بند رہیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ 9 اور 10 مئی کو چھٹیوں کے احکامات تمام سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے لیے ہیں۔

راولپنڈی میں انڈین ڈرون گرنے سے زخمی نوجوان دم توڑ گیا

راولپنڈی میں کرکٹ سٹیڈیم کے قریب انڈین ڈرون گرنے سے زخمی ہونے والا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔

مقامی صحافیوں کے مطابق راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال کے حکام نے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے نوجوان کی دورانِ علاج موت کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کی فوج کے ترجمان نے جمعرات کو راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 12 ڈرون گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث کاروبار روک دیا گیا

پڑوسی ملک انڈیا سے کشیدگی کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مندی کار رجحان دیکھتے ہوئے کاروبار روک دیا گیا ہے۔
جمعرات کی دوپہر پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 6.3 فیصد کمی دیکھی گئی۔ ’100 انڈیکس 6 ہزار 948 پوائنٹس کم ہو کر ایک لاکھ 3 ہزار 60 پر آ گیا۔‘
مارکیٹ میں بدترین مندی کو دیکھتے ہوئے دوپہر کے وقت کاروبار روک دیا گیا۔

انڈیا کو جواب ضرور دیا جائے گا: پاکستانی وزیر اطلاعات

پاکستان نے انڈیا کے حملوں کے ردعمل میں کہا ہے کہ اس کا جواب دیا جائے گا۔
جمعرات کو پاکستان کے وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’شروعات آپ نے کی، معاملہ کہاں جائے گا اس کا فیصلہ ہم کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ جیسے بھی اور جب بھی ہوگا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ’یقین رکھیں جواب آئے گا اور ضرور آئے گا۔‘

کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ایئرپورٹس شام 6 بجے تک بند

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا ہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ ائیرپورٹس آپریشنل وجوہات کے باعث آج شام 6 بجے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔
جمعرات کی دوپہر اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ’مسافر حضرات سے درخواست ہے کہ پروازوں سے متعلق اپنی ایئرلائنز سے رابطہ رکھیں۔‘
قبل ازیں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کہا تھا کہ یہ ایئرپورٹس دن 12 بجے تک آپریشنل نہیں رہیں گے۔

انڈیا سے بھیجے گئے 12 ڈرون تباہ کر دیے: آئی ایس پی آر

پاکستان نے انڈیا کی جانب سے بھیجے گئے 12 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جمعرات کو بتایا کہ 12 میں سے زیادہ تر ڈرونز کو بروقت مار گرایا گیا تاہم ایک انڈین ڈرون نے لاہور میں ایک فوجی مقام کو جزوی نقصان پہنچایا ہے۔
’7اور 8 مئی کی رات بھارت نے پھر دراندازی کی کوشش کی، لاہور کے قریب آنے والے ڈرون سے چار افسران معمولی زخمی ہوئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے، یہ کھلی جارحیت ہے۔‘

امن چاہتے ہیں مگر کمزوری نہیں دکھائیں گے: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ہمارا موقف واضح ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر کمزوری نہیں دکھائیں گے۔
انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’اپنے بھائی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے بات ہوئی۔ ترک صدر کو انڈیا کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان کی فوج نے دشمن کو پیشہ ورانہ مہارت سے پسپا کیا۔ ہماری مسلح افواج دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملکی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔

موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہے: پی آئی اے

پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔
جمعرات کو پی آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ فضائی حفاظت کے پیش نظر کچھ روٹس کو حفظ ماتقدم کے طور پر محدود کر دیا جاتا ہے جس سے اس سیکٹر کی پروازیں متاثر ہوتی ہیں۔
’روٹس کی عارضی بندش ملکی ائیرلائنز کے اثاثوں اور مسافروں کی اپنی حفاظت کی خاطر کیا جاتا ہے۔‘
ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ معاملے کی نزاکت کا ادراک کریں اور ایئرلائن عملے سے تعاون کریں۔

نیول ایئربیس کے قریب فضائی دفاعی نظام نے ایک انڈین ڈرون مار گرایا: پاکستانی حکام

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی اور پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کی صبح لاہور میں نیول ایئربیس کے قریب فضائی دفاعی نظام نے ایک انڈین ڈرون مار گرایا ہے۔
پولیس افسر محمد رضوان نے بتایا کہ ’ڈرون کو لاہور کے رہائشی علاقے والٹن کے قریب مار گرایا گیا۔ اس علاقے میں عسکری تنصیبات بھی موجود ہیں۔‘ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈرون مسلح تھا یا نہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی دو انڈین ڈرون مار گرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

انڈیا کے کشیدگی کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں استحکام

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے باوجود جمعرات کو پاکستان سٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا۔
سٹاک مارکیٹ 13 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 11ہزار پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب روئٹرز کے مطابق پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث جمعرات کے روز انڈین سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا یا محتاط آغاز متوقع ہے، مارکیٹ میں کسی بڑے اتار چڑھاؤ کا امکان کم ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ قلیل مدتی اتار چڑھاؤ ممکن ہے، مگر انڈیا کی مارکیٹ فی الحال واضح استحکام پر ہے۔
مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button