
لاہور: استحکام پاکستان و یکجہتی افواجِ پاکستان کے عنوان سے علما کرام کی مشترکہ پریس کانفرنس
موجودہ حالات میں پوری قوم کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہوگا
(سید عاطف ندیم-پاکستان): لاہور میں استحکام پاکستان اور یکجہتی افواجِ پاکستان کے عنوان سے ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کی۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کرام نے شرکت کی اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور افواج پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔
علما کرام نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر لمحہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران علما نے ہندوستان کے جانب سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پراپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، خصوصاً پہلگام واقعے کو خود ساختہ قرار دیتے ہوئے اسے بھارتی سیکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیا۔ علما کرام نے کہا کہ ہندوستان اس واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کو بدنام کرنے اور سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کی وہ پرزور مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف بیانات دینے کے بجائے اپنے سیکیورٹی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی، علما کرام نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا بروقت اجلاس بلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
پریس کانفرنس میں مفتی سید عاشق حسین، قبلہ قاسم علی قاسمی، علامہ رشید ترابی، علامہ بدر منیر، لال مہدی، پروفیسر محمود غزنوی، چوہدری صغیر عباس ورک، پیر عثمان نوری، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، پیر جلیل شرقپوری، ساجزادہ مدثر حسین اور دیگر علما کرام شریک ہوئے۔