
جماعت احمدیہ پاکستان کا ہر فرد ریاست پاکستان اور بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ترجمان
خطہ کشمیر جنت نظیر اور پاکستان کے لئے جماعت احمدیہ کی ملی خدمات سنہری تاریخ کا انمٹ باب ہیں، ترجمان
(منصور چٹھہ-پاکستان):جماعت احمدیہ پاکستان ہر قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے یہ واضح کرتی ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہر پاکستانی احمدی اپنے جان و مال کی قربانی دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔اپنی درخشندہ روایات کی پاسبانی میں مادر وطن کے دفاع کے لیے صف اول میں کھڑے ہیں۔خطہ کشمیر جنت نظیر اور پاکستان کے لئے جماعت احمدیہ کی ملی خدمات سنہری تاریخ کا انمٹ باب ہیں۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ہندوستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے اس نازک موقع پر تمام پاکستانی قوم کو ہر طرح کے مذہبی اور سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح ایک قوم بن کر حالات کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
وطن عزیز پاکستان کے دفاع، سالمیت، استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے جماعت احمدیہ پاکستان کا ہر فرد ریاست پاکستان اور بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔پاکستان کے بیرونی اور اندرونی دشمن جان لیں کہ پاکستان کے احمدی اپنے وطن سے حقیقی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔پاکستا ن زندہ باد۔