
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پانچ بھارتی جنگی طیاروں اور اب تک 77 بھارتی ڈرونز کو کامیابی سے گرا کر پاکستان نے روایتی جنگ میں واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ پاکستان کی فضائی صلاحیتوں اور فوجی برتری کا واضح ثبوت ہے۔
بدترین پروپیگنڈا مہم
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے زور دے کر کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے۔ پاکستان نے اپنا یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے نہ صرف عسکری محاذ پر اشتعال انگیزی بلکہ اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے داخلی سطح پر میڈیا پر شروع کی گئی بدترین پروپیگنڈا مہم کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر منظم انداز میں فیک نیوز، پرانی تصاویر اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے، جو بھارتی حکومت کی گھبراہٹ، ناکامی اور بدحواسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا ہے، جس سے بھارت کو مزید ہزیمت اٹھانا پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے بیانیے کے ذریعے بھارت کی ناکامی چھپانے کی یہ ناکام کوشش پوری دنیا نے دیکھی ہے اور اس پر بھارت کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔