پاکستانتازہ ترین

وزیر خزانہ کی لندن میں برٹش امریکن ٹوبیکو کے نمائندوں سے ملاقات، غیرقانونی سگریٹ تجارت پر تبادلہ خیال

پاکستان میں سگریٹ کی اسمگلنگ اور نقلی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا

(وائس آف جرمنی-نیوز ڈیسک): لندن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے سرکاری دورۂ برطانیہ کے دوران برٹش امریکن ٹوبیکو کے سینئر نمائندوں سے لندن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں تمباکو مصنوعات کی غیر قانونی تجارت، نقلی مصنوعات اور ایکسائز ڈیوٹی کے موجودہ نظام سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
برٹش امریکن ٹوبیکو کے نمائندوں نے پاکستان میں سگریٹ کی اسمگلنگ اور نقلی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر متوازن اور زیادہ شرح والے ایکسائز ڈیوٹی ڈھانچے کی وجہ سے غیر قانونی کاروبار کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے، جس سے حکومت کو بڑے پیمانے پر محصولات کا نقصان پہنچ رہا ہے۔
کمپنی نے تجویز دی کہ اگر ڈیوٹی نظام کو متوازن، منطقی اور پیش گوئی کے قابل بنایا جائے تو نہ صرف غیر قانونی تجارت پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ صارفین دوبارہ قانونی مارکیٹ کی طرف راغب ہوں گے اور حکومتی آمدن میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔ نمائندوں نے مزید کہا کہ ایک منظم نظام سے قانونی کاروبار کو فروغ ملے گا اور ریگولیٹری نگرانی بہتر ہو گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس مسئلے کو جائز قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ آئندہ وفاقی بجٹ کی تیاری کے دوران اس پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نہ صرف محصولات میں اضافہ ہے بلکہ معیشت کے غیر رسمی شعبوں کو باضابطہ بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عوامی صحت کے اہداف اور مارکیٹ کی تنظیم کے درمیان توازن قائم کرنا ضروری ہے اور پاکستان میں ایک مستحکم، قاعدہ و ضابطے پر مبنی تجارتی ماحول کو فروغ دینا مشترکہ مفاد ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button