
(سید عاطف ندیم-پاکستان): افواج پاکستان کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’انڈیا نے 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں جن میں سے پانچ امرتسر اور ایک آدم پور میں گرا۔‘
جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات میڈیا بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ’انڈیا نے یہ چھ بیلسٹک میزائل آدم پور سے فائر کیے۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نے اپنے ہی ملک کی حدود میں میزائل گرا دیے ہیں، انڈیا سکھوں کی آبادیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے۔‘
’انڈیا کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی مذاہب ہو رہے ہیں، پاکستان کی تمام ہمدردیاں سکھوں اور اقلیتوں کے ساتھ ہیں۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’انڈیا اپنے ہی عوام پر حملہ کر رہا ہے، اس کی یہ حرکت بہت حیران کن ہے۔ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔‘
انڈین پنجاب کے مختلف سرحدی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ہیں۔
پٹھان کوٹ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی اور آسمان میں روشنی دیکھی گئی۔
انڈین فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرونز سے حملے ہوئے ہیں اور ان ڈرون کو مار گرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہر طرف بلیک آؤٹ ہے۔
امرتسر میں یکے بعد دیگرے متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی ڈرونز بھی دیکھے گئے اور ایئر فورس سٹیشن کے قریب فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ تاہم حکام نے کہا ہے کہ اب تک اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔‘
کشمیر کے پونچھ سیکٹر کے قریب سورنکوٹ میں موجود ہیں، نے رپورٹ کیا ہے کہ ’کل اور آج پونچھ میں شدید گولہ باری ہوئی جس میں ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم سورنکوٹ ایل او سی سے تھوڑا دور ہے اور یہاں گولہ باری کا زیادہ اثر نہیں ہوا ہے۔‘
مقبوضہ کشمیر کے علاقے جموں میں مقامی لوگوں کے مطابق وہاں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’علاقے میں خاموشی ہے، لوگ گھروں میں ہیں دن میں حالات معمول پر تھے، بازاروں میں لوگ نظر آئے، لیکن شام ہوتے ہی حالات کشیدہ ہو گئے۔‘
سرینگر اور اونتی پورہ میں کئی دھماکے سنے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خطے کے بیشتر علاقوں میں بجلی نہیں ہے۔