
آپ کی نوکری صرف پنجاب پر تنقید کرنا رہ گئی ہے،عظمیٰ بخاری کا برسٹر سیف کے بیان پر ردعمل
پنجاب میں پہلی بار سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات دی جا رہی ہیں، اور "فیلڈ ہسپتال"، "کلینک آن ویلز" اور "مریم نواز ہیلتھ کلینک" جیسے منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں
(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے برسٹر سیف کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے جتنا بجٹ صرف صحت اور تعلیم کے لیے مختص کیا، اتنا خیبرپختونخوا کا پورا بجٹ بھی نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات دی جا رہی ہیں، اور "فیلڈ ہسپتال”، "کلینک آن ویلز” اور "مریم نواز ہیلتھ کلینک” جیسے منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی قیادت میں کینسر، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی جیسی مہنگی ترین ادویات عوام کو گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے بھی مریض پنجاب میں علاج کے لیے آتے ہیں، اور پنجاب کے دروازے سب صوبوں کے عوام کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے برسٹر سیف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ” آپ کی نوکری صرف پنجاب پر تنقید کرنا ہے، کے پی حکومت کی کارکردگی بتانا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برسٹر سیف نے ڈیڑھ سال میں ایک بار بھی قوم کو اپنے وزیراعلیٰ کی کارکردگی نہیں بتائی، جو صرف فلمی ڈائیلاگ بولنے تک محدود ہیں۔ "مریم نواز عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، اور پنجاب کا بجٹ صرف کتابوں میں نہیں بلکہ زمینی سطح پر نظر آ رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کا بجٹ صرف آپس میں بانٹنے تک محدود ہے۔”