
انڈیا: میچ کے دوران بلے بازکی چھکا لگانے کے بعد ہارٹ اٹیک سے پچ پر ہی موت
بلے باز کی شناخت ہرجیت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق فیروزآباد سے ہی تھا۔
سوشل میڈیا پر ایک دلخراش ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے ایک کرکٹ میچ کے دوران ایک بلے باز چھکا لگانے کے فوراً بعد ہارٹ اٹیک سے پچ پر ہی مر جاتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ انڈین ریاست پنجاب کے شہر فیروزپور میں پیش آیا جہاں ایک بیٹر اچانک سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹر چھکا لگانے لے بعد پچ کے وسط میں جاتا ہے اور اچانک گھٹنوں کے بل گر جاتا ہے۔ اسے بے چینی محسوس ہو رہی ہوتی ہے، اور جیسے ہی وہ بے ہوش ہوتا ہے تو دوسرے کھلاڑی اسے طبی امداد دینے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ان کی کوششیں بے سود ثابت ہوتی ہیں اور انہیں پتہ چلتا ہے کہ وہ ہارٹ اٹیک سے فوری طور پر جان کھو بیٹے ہیں۔
بلے باز کی شناخت ہرجیت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق فیروزآباد سے ہی تھا۔
اسی طرح کے ایک واقعے میں گذشتہ برس 2024 میں پونے میں ایک میچ کے دوران 35 سالہ کرکٹر کی موت ہو گئی تھی۔
عمران پٹیل نامی بلے باز بطور اوپنر میدان میں آئے اور کچھ دیر بعد انہوں نے اپنے سینے اور بازو میں درد کی شکایت کی۔
انہوں نے امپائرز کو اپنی طبعیت کی خرابی کے بارے میں بتایا تو انہیں فیلڈ سے جانے کی اجازت مل گئی۔ لیکن پویلین واپس آتے وقت وہ بے سود ہو کے گر گئے۔
یہ تمام واقعہ کیمرے میں ریکارڈ ہو رہا تھا کیونکہ میچ لائیو سٹریم پر دکھایا جا رہا تھا۔ عمران کے بے ہوش ہو کر گرنے کے بعد فیلڈ میں موجود کھلاڑی ان کی طرف بھاگے۔ انہیں فوراً سے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کی موت کا بتایا۔