
شہبازشریف نے پاکستان کی جانب سے ایران کی ناقابل تزلزل حمایت جار رہنے پر زور دیا ہے،ایران
میاں شہباز شریف اور ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اس ملاقات میں ایران کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی غیر قانونی جارحیت کے بعد علاقے کے حالات کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
اسلام آباد سے ارنا پاکستان کے وزیر اعظم سیکیریٹریٹ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ میاں شہباز شریف نے جمعہ کو جمہوریہ آذربائیجان کے شہر خانکندی میں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
دونوں سربراہوں نے اس ملاقات میں تہران اور اسلام آباد کے درمیان سبھی شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا اور باہمی روابط کی تقویت کے بارے میں گزشتہ ملاقات میں ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے صیہونی حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران، صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان نے جس طرح امور مملکت اور جنگ کی مدیریت کی، اس کی قدردانی کی اور حالیہ بحران میں جنگ بندی قبول کرنے کو قابل تعریف بتایا۔
انھوں نے پاکستان کی جانب سے ایران کی قوم اور حکومت کے ساتھ ناقابل تزلزل یک جہتی پر زور دیا اور کہا کہ گفتگو اور ڈپلومیسی کے ذریعے، علاقے میں قیام امن کے لئے تہران کے ساتھ اسلام آباد کا قریبی تعاون جاری رہے گا۔
پاکستان کے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے اعلامیہ کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیا ن نے حالیہ بحران کے دوران بین الاقوامی اداروں میں پاکستان کی محکم ڈپلومیٹک حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔ پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے درخواست کی کہ ان کا پرخلوص سلام رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای تک پہنچا دیں۔
اس رپورٹ کے مطابق خانکندی میں ای سی او کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھی ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔