جنرل عاصم منیر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور بقا کیلئے ناگزیر کردار ادا کریں گے.
وزیر جنگلات سید عباس علی شاہ نے نئے آرمی چیف کی کمان سنبھالنے پر جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):وزیر جنگلات سید عباس علی شاہ نے نئے آرمی چیف کی کمان سنبھالنے پر جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئے آرمی چیف نئی حکمت عملی کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کریں گے اور ان کی قیادت میں فوج عسکری کامیابیوں کی نئی منازل عبور کرے گی۔ وزیر جنگلات نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جنرل عاصم منیر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور بقا کیلئے ناگزیر کردار ادا کرتے ہوئے وطن عزیز کے مفادات کا تحفظ مزید موثر اور بہتر طریقے سے کریں گے اور افواج پاکستان کی عزت و آبرو میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ عباس علی شاہ نے کہا کہ پرامن اور مستحکم پاکستان کیلئے پاک فوج نے ہر سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ دنیا کی عسکری تاریخ میں پاک فوج جیسی کوئی فورس کسی خطے پر موجود نہیں۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ فوج کی قیادت میں پاکستان نے امن کیلئے لمبا سفر طے کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنرل عاصم منیر ایک منفرد اور مختلف آرمی چیف ثابت ہوں گے اور ان کی قیادت میں پاک فوج بطور ادارہ پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں نبھائے گی.



