پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری: شہری کی سود خوروں سے جان چھڑانے کی ہدایت، متعدد شکایات پر فوری کارروائیوں کا آغاز

فیصل کامران نے اس موقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ سود خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے

لاہور نمائندہ خصوصی: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے ایک شہری کی جانب سے سود خوروں کی جانب سے دھمکیوں کی شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سمن آباد کو معاملے کی مکمل چھان بین اور قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے سود جیسی معاشرتی برائی کے خاتمے کیلئے علاقے میں مؤثر حکمت عملی اپنانے کی بھی تاکید کی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز آفس میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں کو براہِ راست اعلیٰ پولیس حکام تک رسائی حاصل ہے۔ آج ہونے والی کھلی کچہری میں بھی مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔
ایک شہری نے شکایت کی کہ اس نے ادھار رقم پر مقررہ رقم سے زائد ادائیگی کے باوجود، ایک شخص مسلسل مزید پیسے ادا کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔ اس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری طور پر ایس ایچ او سمن آباد کو شکایت کی جانچ اور رقم کی ادائیگی کے تمام ثبوتوں کی جانچ پڑتال کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سود ایک مہلک گناہ ہے، جو نہ صرف فرد کو بلکہ معاشرے کو بھی تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔
فیصل کامران نے اس موقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ سود خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور اس لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ سود جیسے غیر قانونی اور غیر شرعی عمل سے باز رہیں، اور کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کریں۔
کھلی کچہری میں گروی اور کرایہ داری معاہدوں میں دھوکہ دہی کی بھی متعدد شکایات موصول ہوئیں، جن پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایچ اوز بھاٹی گیٹ، شادباغ، ٹاؤن شپ، نشتر کالونی اور غالب مارکیٹ کو انکوائریاں مارک کر دیں۔ اس کے علاوہ ایس ایچ او ہڈیارہ اور نوانکوٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ تحریری معاہدوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کریں اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
ایک اور شہری کی جانب سے محلہ دار کے خلاف لڑائی جھگڑا، اسلحہ کی نمائش اور خوف و ہراس پھیلانے کی شکایت پر ایس ایچ او بادامی باغ کو ہدایت دی گئی کہ مکمل تصدیق کے بعد بلا تاخیر قانونی کارروائی کی جائے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پولیس اہلکاروں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر بھی سخت مؤقف اپناتے ہوئے انہیں اے ڈی آئی جی اور ایس ڈی پی او سبزہ زار کو انکوائری کیلئے مارک کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اہلکار قصوروار ثابت ہوئے تو انہیں ملازمت سے برخاست کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس میں بدمعاشی یا اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فیصل کامران نے کہا کہ کسی کو بھی طاقت کے زور پر اس کے قانونی حق سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور پولیس کو بروقت اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کیلئے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک تھانے میں موجود رہیں تاکہ عوام براہِ راست رابطہ کر سکیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے یہ بھی باور کرایا کہ ان کا دفتر ہر شہری کیلئے کھلا ہے، اور وہ کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کیلئے ان سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی صرف پولیس کا کام نہیں، بلکہ اس میں شہریوں کا تعاون بھی نہایت ضروری ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button