
سال 2025 کی چوتھی قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل، 4 کروڑ 39 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے
پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
نیوز ڈیسک-اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق سال 2025 کی چوتھی قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 39 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
این ای او سی کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم 13 تا 19 اکتوبر ملک بھر میں جاری رہی، جس میں والدین، سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور پولیو ورکرز نے بھرپور شرکت کی۔ ادارے نے ان تمام طبقات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 31 لاکھ سے زائد، سندھ میں 1 کروڑ 5 لاکھ سے زائد، خیبرپختونخوا میں 61 لاکھ 83 ہزار، بلوچستان میں 26 لاکھ 7 ہزار، اسلام آباد میں 4 لاکھ 79 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 94 ہزار اور آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 33 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
این ای او سی کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا میں قومی انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی ہے، جس کے دوران ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔
ادارے نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، تاکہ پاکستان کو جلد از جلد پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔