پنجاب میں 12 ربیع الاول تک پبلک ٹرانسپورٹ میں فلمیں اور گانے چلانے پر پابندی عائد
لاہور: عشرہ شان رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
لاہور: عشرہ شان رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12 ربیع الاول تک دوران سفر پبلک ٹرانسپورٹ میں تلاوت قرآن پاک اور حمدیہ و نعتیہ کلام چلایا جائے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ عشرہ شان رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احترام میں گاڑیوں میں فلمیں اور گانے نہ چلائے جائیں۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نےڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عشرہ شان رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کےتناظر میں جاری احکامات کویقینی بنایا جائے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت نے بھی جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسب سے یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے بھر میں شان رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور محافل ہونگی ، نعتیہ مشاعرہ اور مقابلہ حسن نعت اور دیگر تقاریب ہونگی ، خطاطی کی نمائشیں، مقابلے منعقد ہوں گے ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اسٹاف کو کارکردگی پر رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منسوب میڈل دیے جائیں گے اور قیدیوں کے لیے پریزن پیکج کا اعلان بھی کیا جائے گا۔