
وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور امن و امان سے متعلق اہم اجلاس
وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبہ بھر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات
ناصف اعوان-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت ضلع قصور بالخصوص تحصیل پتوکی میں صفائی کی مجموعی صورتحال، ناجائز تجاوزات کے خاتمے، بازاروں میں عوامی سہولت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صفائی کے معیار، فیلڈ عملے کی کارکردگی، ویسٹ کلیکشن سسٹم، ڈمپنگ پوائنٹس اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر قانون نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں، شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر قانون پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی طور پر دکانوں، ریڑھیوں اور دیگر قبضہ شدہ مقامات کو فی الفور خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور عوامی راستوں کو کھلا رکھنا شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور امن و امان کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہے۔ رانا محمد اقبال خان نے ہدایت کی کہ صفائی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر مؤثر مانیٹرنگ کے تحت انجام دیا جائے، ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کرکے فوری صفائی یقینی بنائی جائے، جبکہ مکینیکل صفائی اور ویسٹ لفٹنگ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نشتر رحمان لودھی ، ایل ڈبلیو ایم سی اور میونسپل حکام نے اپنے اپنے علاقوں کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے وزیر قانون کو آگاہ کیا۔ وزیر قانون نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی اشتراک سے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور مجموعی نظم و نسق میں واضح بہتری نظر آنی چاہیے۔



