
آئی جی موٹروے پولیس کی زیرِ صدارت اہم آپریشنل اجلاس، قومی شاہراہوں پر بلاامتیاز قانون کے نفاذ کی ہدایت
عوام کو محفوظ سفر کی فراہمی موٹروے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں مسافروں کو بروقت مدد فراہم کرنے پر خصوصی زور دیا گیا
ناصر خان خٹک-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چودھری کی زیرِ صدارت ایک اہم آپریشنل اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اجلاس میں موٹروے پولیس کے تمام زونز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں پر قانون کی بلاامتیاز عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو محفوظ سفر کی فراہمی موٹروے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں مسافروں کو بروقت مدد فراہم کرنے پر خصوصی زور دیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس یقینی بنایا جائے۔
آئی جی سلطان احمد چودھری نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے مؤثر نگرانی، قوانین پر سختی سے عمل اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسران کو خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ رویہ اور عوام دوست طرزِ عمل اپنانے کی بھی ہدایت کی۔



